لاہور چیمبر میں یوم آزادی پاکستان کی شاندار تقریب

جمعرات 14 اگست 2025 14:43

لاہو ر(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء) لاہور چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری میں یوم آزادی کی شاندار تقریب کا اہتمام کیا گیا جس میں پرچم کشائی کی اور کیک کاٹا گیا۔ تقریب کا آغاز تلاوت کلام پاک اور قومی ترانے سے ہوا جس کے بعد صدر لاہور چیمبر میاں ابوذر شاد، سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان، نائب صدر شاہد نذیر چودھری سابق صدر محمد علی میاں، سابق نائب صدر فہیم الرحمٰن سہگل اور ایگزیکٹو کمیٹی اراکین نے پرچم لہرایا جبکہ کاروباری برادری کی بڑی تعداد تقریب میں شریک تھی۔

شرکاء نے پاکستان کی سلامتی، ترقی اور خوشحالی کے لیے خصوصی دعا کی۔ فضا "پاکستان زندہ باد" اور "قائداعظم زندہ باد" کے نعروں سے گونج اٹھی۔میاں ابوذر شاد نے اپنے خطاب میں کہا کہ یوم آزادی محض ایک جشن نہیں بلکہ یہ دن ہمیں قربانی، اتحاد اور محنت کے اس عہد کی یاد دلاتا ہے جس کی بنیاد پر ہمارے آبائو اجداد نے بے شمار قربانیاں دیکر یہ وطن حاصل کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ پاکستان کی ترقی کے لیے سب کو مل کر کام کرنا ہوگا۔ سینئر نائب صدر انجینئر خالد عثمان نے کہا کہ آزادی کی اصل روح یہ ہے کہ ہم قومی ذمہ داریوں کو پورا کریں اور ملک کو معاشی طور پر مضبوط بنانے کے لیے ٹھوس اقدامات اٹھائیں۔ نائب صدر شاہد نذیر چوہدری نے کہا کہ کاروباری برادری پاکستان کے صنعتی اور تجارتی ڈھانچے کی مضبوطی کے لیے ہر ممکن کردار ادا کررہی ہے۔

سابق صدر محمد علی میاں نے کہا کہ ہمیں اتحاد اور یکجہتی کی ضرورت ہے تاکہ دنیا کو یہ پیغام دیا جا سکے کہ پاکستان ایک مستحکم اور پرامن ملک ہے۔ سابق نائب صدر فہیم الرحمٰن سہگل نے کہا کہ پاکستان کی معاشی ترقی کے لیے کاروبار دوست پالیسیوں اور صنعتی ترقی پر خصوصی توجہ دینا ضروری ہے۔ ایگزیکٹو کمیٹی کے اراکین نے کہا کہ آزادی کا دن ہمیں اس عزم کی تجدید کا موقع فراہم کرتا ہے کہ ہم اپنے ملک کو ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

تقریب کے اختتام پر آزادی کا خصوصی کیک کاٹا گیا اور تمام شرکاء نے ایک دوسرے کو یوم آزادی کی مبارکباد دی۔ شرکاء نے سبز ہلالی پرچم لہرائے اور وطن عزیز کے لیے محبت اور قربانی کے جذبات کا اظہار کیا۔میاں ابوذر شاد نے کہا کہ معاشی خوشحالی ہی اصل آزادی ہے، اور اس کے لیے قومی اتحاد، بہترین حکومتی پالیسیوں اور سرمایہ کاری کے فروغ کی ضرورت ہے۔