14 اگست قربانیوں، جدوجہد اور آزادی کے خوابوں کی تعبیر کا دن ،پاکستان اللہ تعالٰی کی بڑی نعمت ہے جس کی قدر ہر شہری پر فرض ہے،وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی

جمعرات 14 اگست 2025 14:46

14 اگست قربانیوں، جدوجہد اور آزادی کے خوابوں کی تعبیر کا دن ،پاکستان ..
اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے پاکستان کے 78 ویں یوم آزادی پر پیغام میں پوری قوم کو دل کی گہرائیوں سے مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ دن قربانیوں، جدوجہد اور آزادی کے خوابوں کی تعبیر کا دن ہے،پاکستان اللہ تعالٰی کی بہت بڑی نعمت ہے جس کی قدر ہر پاکستانی پر فرض ہے۔ وزارت داخلہ سے جاری بیان میں محسن نقوی نے کہا کہ قائداعظم محمد علی جناح نے فرمایا کہ پاکستان کا قیام مقدر تھا، یہ کسی کی بخشش نہیں بلکہ ہماری جدوجہد کا صلہ ہے،خون ، آنسو اور شہادتیں وہ قیمت تھی جو آزادی کے لیے ادا کی گئی، آج کا پاکستان انہی قربانیوں کی بنیاد پر قائم ہے۔

انہوں نے آزادی کی شمع روشن کرنے کے لیے لاکھوں مسلمانوں کی بیش قیمت قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہوئے کہا کہ وطن کے امن و دفاع کی خاطر جانیں قربان کرنے والے شہدا ہمارے ماتھے کا جھومر ہیں ،ان کی عظیم قربانیوں کو قوم ہمیشہ یاد رکھے گی۔

(جاری ہے)

محسن نقوی نے شہدائے وطن کے خاندانوں کے عزم اور حوصلے کو خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ شہدائے وطن کے خاندان ہمارے اپنے خاندان ہیں۔

وزیر داخلہ نے کہا کہ معرکۂ حق میں دشمن کو عبرتناک شکست دے کر پاکستان نے ثابت کیا کہ "ایمان، اتحاد، تنظیم" آج بھی ہماری طاقت، پہچان اور بقا کی سب سے بڑی ضمانت ہے، پاکستان نے دشمن کو واضح اور بھرپور جواب دیا کہ یہ 2025 کا پاکستان ہے جو دفاع کی مکمل صلاحیت رکھتا ہے۔ محسن نقوی نے کہا کہ معرکہ حق کی فتح کے بعد یوم آزادی کی خوشیوں کو چار چاند لگ گئے ہیں،پاکستان کا دفاع ناقابل تسخیر ہے اور کوئی دشمن پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے نہیں دیکھ سکتا۔

انہوں نے کہا کہ ایمان،اتحاد اور تنظیم جیسے سنہری اصول پاکستان کی ترقی و خوشحالی کے ضامن ہیں اور انشاءاللہ قوم ہر چیلنج سے سرخرو ہوکر نکلے گی، یوم آزادی پر پاکستان کے روشن مستقبل کے لیے نئے عزم اور نئی سوچ کے ساتھ آگے بڑھنے کے عزم کااعادہ کرتے ہیں۔\932