آئین ناصرف بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے بلکہ آزادیوں کی حفاظت بھی کرتا ہے، چیف جسٹس

کمزوروں کے حقوق کے تحفظ اور یقینی بنانے میں ثابت قدم رہیں کہ کوئی قانون سے بالاتر نہیں، ایسا معاشرہ پروان چڑھانا چاہیئے جہاں تنازعات کو منصفانہ طریقے سے حل کیا جائے؛ یوم آزادی پر پیغام

Sajid Ali ساجد علی جمعرات 14 اگست 2025 12:56

آئین ناصرف بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے بلکہ آزادیوں کی حفاظت بھی کرتا ..
اسلام آباد ( اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 14 اگست 2025ء ) چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس یحییٰ آفریدی کا کہنا ہے کہ کمزوروں کے حقوق کے تحفظ اور یقینی بنانے میں ثابت قدم رہیں کہ کوئی قانون سے بالاتر نہیں کیوں کہ آئین ناصرف بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے بلکہ آزادیوں کی حفاظت بھی کرتا ہے۔ یوم آزادی پاکستان پر جاری اپنے پیغام میں انہوں نے کہا کہ ہم اپنے پیارے وطن کا 78 واں یوم آزادی منا رہے ہیں، پوری قانونی برادری اور پاکستان کے عوام کو دلی مبارکباد پیش کرتا ہوں، یہ دن ہمارے آباؤ اجداد کے وژن، قربانیوں اور غیر متزلزل عزم کی ایک پختہ یاد دہانی ہے۔

چیف جسٹس نے کہا کہ ہمارا آئین ہمارے لوگوں کی امنگوں کا مجسمہ ہے، آئین بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے، آزادیوں کی حفاظت کرتا ہے، آئین یقینی بناتا ہے کہ انصاف ہمارے معاشرے کی بنیاد رہے، کمزوروں کے حقوق کے تحفظ اور اس بات کویقینی بنانے میں ثابت قدم رہیں کہ کوئی بھی قانون سے بالاتر نہیں، ایسا معاشرہ پروان چڑھانا چاہیئے جہاں تنازعات کو منصفانہ طریقے سے حل کیا جائے اور ہرشہری اپنی زندگی میں انصاف کی موجودگی محسوس کرے۔

(جاری ہے)

خیال رہے کہ ملک بھر میں 78 واں جشن آزادی آج ملی جوش و جذبے کے ساتھ منایا جا رہا ہے، رواں سال کو معرکہ حق کی عظیم فتح سے منسوب کیا گیا ہے، دن کے آغاز پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 31 اور صوبائی دارالحکومتوں میں 21، 21 توپوں کی سلامی دی گئی، فضا نعرہ تکبیر اللہ اکبر کے نعروں سے گونج اٹھی، مساجد میں نماز فجر کے بعد ملکی ترقی، یکجہتی، امن اور خوشحالی کیلئے خصوصی دعائیں کی گئیں، جشن آزادی پر شہر شہر، گلی گلی سبز ہلالی پرچم کے رنگوں سے رنگ گئے، جبکہ سرکاری و رہائشی عمارتوں، شاہراہوں، سڑکوں اور مختلف مقامات کو برقی قمقموں سے سجایا گیا ہے۔