فیصل آباد ،یوم آزادی کے روز ہمیں کلمہ شکر ادا کرنا چاہیے کہ ہم ایک آزاد اور باوقار ملک کے باسی ہیں،چیف ایگزیکٹو فیسکو

جمعرات 14 اگست 2025 15:33

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) فیصل آباد الیکٹرک سپلائی کمپنی(فیسکو) ہیڈکوارٹرزمیں پاکستان کے 78ویں یوم آزادی کے سلسلہ میں پروقار تقریب کاانعقاد کیا گیا جس کے مہمان خصوصی چیف ایگزیکٹو آفیسرفیسکو انجینئرمحمد عامر تھے۔تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ آج یوم آزادی کے روز ہمیں کلمہ شکر ادا کرنا چاہیے کہ ہم ایک آزاد اور باوقار ملک کے باسی ہیں جہاں ہم اپنے تمام تر مذہبی عقائدکے ساتھ آزاد زندگی گزار رہے ہیں۔

ہمارے بزرگوں نے آزادی خاردار راہوں سے گزر کر حاصل کی،انہیں اپنے لہو سے آزادی کے نعرے لکھنے پڑے، عزت، جان و مال اور آبرو کی قربانیاں دینا پڑیں تب جا کر غلامی کی زنجیروں کو جہد مسلسل کے بعد توڑنے میں کامیاب ہوئے اورپا کستان دنیا کے نقشے پر ایک الگ اسلامی نظریاتی مملکت کے طور پر ابھرا۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ بحیثیت قوم ہمیں اس بات کا عہد کرنا چاہیے کہ ہم انفرادی اور اجتماعی طور پر اپنی تما م تر صلاحیتوں کو بروئے کار لا کر اپنے ملک پاکستان کو عظیم تر بنائیں گے اور اقوام عالم میں اسے نمایاں مقام دلائیں گے۔

ہمیں ہر قسم کے حالات،مصیبتوں اوردرپیش پریشانیوں کا اجتماعی طور پر سامنا کرناہوگا کیونکہ ہم زندہ قوم ہیں اور قوموں پر جب مصیبت اور آزمائش آتی ہے تووہ مل جل کر اس کا مقابلہ کرتی ہیں۔چیف ایگزیکٹو فیسکو انجینئر محمد عامر نے مزید کہا کہ آج ہمیں یہ عہد کرنا ہوگا کہ ہم اپنی ذمہ داریوں کو دیانتداری سے نبھائیں گے اورپاکستان کو توانائی، ترقی اور خوشحالی کی راہ پر گامزن رکھیں گے۔

انہوں نے اس موقع پر فیسکو کے شہدا کو بھی زبردست خراج تحسین پیش کیا اور کہا کہ ان کی قربانیوں کو بھی فیسکو کی تاریخ میں ہمیشہ یاد رکھا جائے گا جن کی زندگیوں کے چراغ صارفین کے گھروں کو روشن کرتے ہوئے بجھ گئے۔ قبل ازیں تقریب کے تمام شرکانے چیف ایگزیکٹو فیسکوانجینئرمحمد عامر کی قیادت میں پرچم کشائی کی، قومی ترانہ پڑھااورجشن آزادی کا کیک کاٹا۔

چیف ایگزیکٹو فیسکوانجینئر محمد عامر نے اس موقع پرتقریب میں موجود بچوں میں مٹھائی اور تحائف تقسیم کئے۔تقریب میں فیسکو کے چیف انجنئیرز، ڈائریکٹرز، ڈپٹی ڈائریکٹرز، دیگر فیسکو افسران کے علاوہ فیسکو ملازمین اور بچوں کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔فیسکو ہیڈکوارٹرز،سرکل اور ڈویژن دفاتر سمیت گرڈسٹیشنوں اور واپڈ اہسپتال کی بلڈنگ پر جشن آزادی کے حوالے سے خصوصی چراغاں کیاگیا اورفیسکو کے تمام سرکلز میں پرچم کشائی کی تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن کے مہمان خصوصی متعلقہ ایس ایز تھے۔\378