حیدرآباد ، جشنِ آزادی کی مرکزی تقریب، پرچم کشائی، ملی نغمے اور شجرکاری مہم کا آغاز

جمعرات 14 اگست 2025 15:33

حیدرآباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) پاکستان کی 78ویں یومِ آزادی کے موقع پر سرکٹ ہاؤس حیدرآباد میں مرکزی تقریب شاندار انداز میں منعقد ہوئی، جس میں ڈویژنل کمشنر حیدرآباد فیاض حسین عباسی، میئر حیدرآباد کاشف علی شورو، ڈی آئی جی حیدرآباد طارق رزاق دھاریجو، ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن، ایس ایس پی عدیل حسین چانڈیو، میونسپل کمشنر ظہور احمد لکھن، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ون گدا حسین سومرو، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ٹو صبا کلوڑ سمیت مختلف محکموں کے افسران، معزز شخصیات اور عوام کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔

تقریب کا آغاز تلاوتِ کلامِ پاک سے ہوا، جس کے بعد پرچم کشائی کی گئی اور پولیس کے چاق و چوبند دستے نے سلامی پیش کی۔ تقریب کی نظامت انفارمیشن آفیسر ثوبیہ سلیم نے کی۔

(جاری ہے)

اس موقع پر مختلف اسکولوں کے طلبہ نے حب الوطنی اور معرکۂ حق کے موضوعات پر تقاریر، ملی نغمے اور ٹیبلوز پیش کیے، جب کہ خصوصی مہمانوں نے بہترین کارکردگی پر مختلف شخصیات اور افسران کو اعزازی شیلڈز پیش کیں۔

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈی آئی جی طارق رزاق دھاریجو نے کہا کہ اس سال جشنِ آزادی کی تقریبات نے قوم میں نئی روح پھونک دی ہے۔ ایس ایس پی عدیل حسین چانڈیو نے کہا کہ یکم اگست سے 14 اگست تک مختلف تقریبات کا انعقاد کیا گیا جن میں عوام کا جوش و جذبہ قابلِ تعریف رہا، اور ہمیں عہد کرنا چاہیے کہ ہم ملک و قوم کی ترقی کے لیے بھرپور کردار ادا کریں۔

میئر کاشف علی شورو نے کہا کہ اس سال جشنِ آزادی کا جوش و خروش اپنی مثال آپ ہے، اور افواجِ پاکستان کی بھارت کے خلاف کارکردگی کو سراہا۔ ڈویژنل کمشنر فیاض حسین عباسی نے طلبہ کی تقاریر اور ٹیبلوز کو سراہتے ہوئے کہا کہ جس طرح یکم اگست سے 14 اگست تک تقریبات کے ذریعے حب الوطنی کا عملی ثبوت دیا گیا، وہ ناقابلِ فراموش ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہماری افواج نے بھارت کے ’’آپریشن سندور‘‘ کو ’’تندور‘‘ میں بدل کر دشمن کے عزائم خاک میں ملا دیے۔

ڈپٹی کمشنر زین العابدین میمن نے تمام مہمانوں کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ جشنِ آزادی کی تقریبات نے شہریوں کے دلوں میں حب الوطنی کا جذبہ مزید مضبوط کیا ہے۔ تقریب کے اختتام پر ڈویژنل کمشنر، ڈی آئی جی اور میئر حیدرآباد نے شجرکاری مہم کا افتتاح کیا۔\378