پاکستانی سفارتخانہ بیجنگ میں پرچم کشائی کی تقریب،قوم کو زبردست خراج تحسین

تقریب میں پاکستان پر مسلط کی گئی جنگ میں تاریخی فتح کا جشن معرکہ حق بھی منایا گیا

جمعرات 14 اگست 2025 17:31

پاکستانی سفارتخانہ بیجنگ میں پرچم کشائی کی تقریب،قوم کو زبردست خراج ..
بیجنگ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)پاکستان کے 79ویں یوم آزادی کے موقع پر بیجنگ میں قائم پاکستانی سفارتخانے میں پرچم کشائی کی پروقار تقریب منعقد ہوئی، جس میں مارکہ حق میں پاکستان کی تاریخی فتح اور آپریشن بنیان المرصوص کے کامیاب انعقاد کا بھی جشن منایا گیا۔تقریب کا آغاز ڈپٹی ہیڈ آف مشن بلال محمود چوہدری کی جانب سے قومی پرچم لہرانے سے ہوا۔

بعد ازاں صدر، وزیراعظم اور نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ پاکستان کے تہنیتی پیغامات پڑھ کر سنائے گئے، جن میں قائداعظم محمد علی جناح کی قیادت میں آزادی کی جدوجہد کے دوران دی گئی قربانیوں کو زبردست خراج تحسین پیش کیا گیا اور 14 اگست 1947 کو پاکستان کے قیام کی یاد تازہ کی گئی۔پیغامات میں 6 سے 10 مئی 2025 کے دوران بھارت کی مسلط کردہ جنگ میں پاکستان کی عظیم فتح مارکہ حق پر بھی قوم کو مبارکباد دی گئی۔

(جاری ہے)

ان پیغامات میں قومی اتحاد، استقامت اور نظریاتی وابستگی کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے ترقی یافتہ اور خوشحال پاکستان کے عزم کو دہرایا گیا۔بلال محمود چوہدری نے اپنے خطاب میں چین میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کو یوم آزادی کی مبارکباد دی اور مارکہ حق میں پاکستان کی فیصلہ کن فتح کو قوم اور افواج پاکستان کی جرات، ثابت قدمی اور صلاحیت کا مظہر قرار دیا۔انہوں نے پاکستان اور چین کے درمیان گہرے تعلقات کو مثالی ماڈل قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستانی کمیونٹی کی قومی ترقی اور عوامی روابط کے ذریعے دو طرفہ تعلقات کے فروغ میں خدمات قابلِ ستائش ہیں۔تقریب میں قومی نغمے پیش کیے گئے اور مارکہ حق کی جھلکیوں پر مبنی خصوصی ویڈیو بھی دکھائی گئی۔