این ای ڈی یونیورسٹی میں جشنِ آزادی "معرکہ حق" کی تقریب کا انعقاد

جمعرات 14 اگست 2025 17:32

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) جامعہ این ای ڈی کے شعبہ سروسز اور اسٹوڈنٹ افئیرز کے زیرِ اہتمام 78 ویں جشنِ آزادی "معرکہ حق" پر جھنڈا لہرا کر جشن کا آغاز کیا گیا۔ جامعہ کی ترجمان کے مطابق اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ۓ چیئرمین چارٹر انسپیکشن اینڈ ایولیشن کمیٹی ہائر ایجوکیشن کمیشن سندھ ڈاکٹر سروش حشمت لودھی نے کہا کہ یہ دن قومی عید ہے اور ہم دل کی گہرائیوں سے اس دن پر قوم کو مبارک باد پیش کرتے ہیں۔

انہوں نے تقریب میں موجود کاؤس جی اسکول اور این ای ڈی کے طالبہ و طالبات کی توجہ ملک سے محبت اور قوم کا نام روشن کرنے کی جانب کروائی۔ اس موقع پر گفتگو کرتے ہوۓ شیخ الجامعہ ڈاکٹر محمد طفیل نے کہا کہ پاکستان نے ہمیں نام و پہچان دی اور اب ہمیں دنیا بھر میں اس کی پہچان بننا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ معرکہ حق نے پاکستان کا قد مزید ابھارا ہے، انہوں نے دعا کی کہ پرودگار اس قد میں مزید اضافہ کرے۔

اس موقعے پر سیکریٹری یونی ورسٹی اینڈ بورڈز محمد عباس بلوچ، پرو وائس چانسلر ڈاکٹر نعمان احمد، ڈینز، رجسٹرار، ڈی آئی جی ٹریفک پیر محمد شاہ، ڈپٹی رجسٹرار سیکیورٹی مخدوم خالد ہاشمی، ڈائریکٹر سروسز اظہر اقبال اور کنٹرولر اسٹوڈنٹ افئیرز ڈاکٹر علی حسن محمود بھی شریک رہے۔ اس موقعے طالب علم جذبہ حب الوطنی سے سرشار نظر آۓ، انہوں نے آنکھوں میں مستقبل کے سنہرے خواب اور سبزہلالی پرچم ہاتھوں میں اٹھاکر رکھے تھے اور لبوں پر پاکستان زندہ باد کے نعرے تھے۔