سعودی عرب میں پاکستان کا یوم آزادی شایان شان طریقہ سے منایا گیا

جمعرات 14 اگست 2025 17:20

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) سعودی عرب کے شہر جدہ میں مقیم پاکستانی تاجر برادری نے جمعرات کو پاکستان کا یوم آزادی شایان شان اور پر وقار طریقہ سے منایا۔ اس موقع پر منعقدہ تقریب میں سعودی عرب کے دورے پر آئے ہوئے پاکستانی فوڈ ایکسپورٹرز کے وفد کے رہنما اور فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری کی علاقائی کمیٹی برائے خوراک کے کنوینر شاہد عمران کی قیادت میں ممتاز تاجروں، کمیونٹی رہنمائوں اور ان کے خاندانوں نے مادر وطن سے اپنی محبت اور عقیدت کا اظہار کیا۔

پنڈال کو قومی پرچموں، سبز اور سفید غباروں اور حب الوطنی کے نعروں پر مبنی بینرز سے مزین کیا گیا تھا جس سے ایک شاندار تہوار کا ماحول پیدا ہو گیا تھا۔ اس موقع پر شاہد عمران اور دیگر مقررین نے پاکستان کے قیام کے لیے جدو جہد کرنے والے اور بے پناہ قربانیاں دینے والے رہنمائوں اور شہدا ء کو زبردست خراج عقیدت پیش کیا۔

(جاری ہے)

انہوں نے پاکستان کو ایک خوشحال اور مضبوط ملک بنانے کے لئے اتحاد، محنت اور قائداعظم محمد علی جناح کے وژن پر عمل پیرا ہونے کی ضرورت پر زور دیا۔

مقررین نے پاکستان اور سعودی عرب کے درمیان دو طرفہ اور برادرانہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانے اور تجارتی روابط کے فروغ پر زور دیا۔ تقریب کے اختتام پر قومی ترانہ پیش کیا گیا اور یوم آزادی کا ایک بڑا کیک کاٹا گیا یہ تقریب بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی یکجہتی اور حب الوطنی کے جذ بہ کی علامت ہے۔