بھارتی سپریم کی طرف سے پہلگام واقعے کا ذکر کشمیر میں عدم استحکام کی نشاندہی کرتا ہے، محبوبہ مفتی

جمعرات 14 اگست 2025 18:35

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)بھارت کے غیر قانونی زیر قبضہ جموںوکشمیر میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی صدر محبوبہ مفتی نے علاقے کی ریاستی حیثیت کی بحالی سے متعلق درخواست کی سماعت کے دوران پہلگام واقعے سے متعلق ریمارکس پر مودی حکومت کو آڑے ہاتھوں لیا ہے۔کشمیر میڈیا سروس کے مطابق محبوبہ مفتی نے ایکس پر ایک پوسٹ میں کہا کہ جموںوکشمیرکا مکمل ریاستی درجہ بحال کرنے میں مودی حکومت کی مسلسل ہچکچاہٹ اس کی گہری نفسیاتی الجھن کو ظاہر کرتی ہے۔

انہوںنے کہا کہ سپریم کورٹ کی طرف سے پہلگام واقعے کا ذکر کشمیرمیںمسلسل عدم استحکام کی نشان دہی کرتاہے۔محبوبہ مفتی نے کہاکہ مودی حکومت نے مقبوضہ جموںوکشمیر کی خصوصی حیثیت چھین لی ، اسکا ریاستی درجہ ختم کیالیکن وہ اب بھی خطے کو کسی بھی قسم ریلیف دینے کیلئے تیار نہیں ہے۔

(جاری ہے)

انہوںنے کہا کہ جموں و کشمیر کا بنیادی مسئلہ آئینی لفاظی سے بالاتر ہے اورجب تک بھارتی حکومت لوگوں کی سیاسی امنگوں کو اہمیت نہیں دے گی اور سیاسی طور پر مشغول نہیں ہو گی ، غیر یقینی صورتحال برقرار رہے گی۔

یاد رہے کہ بھارتی سپریم کورٹ نے آج جموںوکشمیر کی ریاستی حیثیت کی بحالی کے حوالے سے دائر ایک درخواست پر بی جے پی حکومت سے جواب طلب کرلیاہے۔عدالت عظمی نے اس دوران یہ ریمارکس بھی دیے کہ وہ ان زمینی حالات کو نظر انداز نہیں کرسکتی جن میں پہلگام کا واقعہ پیش آیا ہے۔