چہلم کے مرکزی جلوس میں سیکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے جائیں، کاشف حیدری

امن و امان کے تسلسل کو برقرار رکھنا انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے، ترجمان مرکزی تنظیم تاجران پاکستان

جمعرات 14 اگست 2025 18:35

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء) مرکزی تنظیم تاجران پاکستان کے صوبائی ترجمان کاشف حیدری، رکن صوبائی کونسل عزت اللہ کاظمی، محمد علی، عبدلاحمد لالا، منظور حسین، علی مدد حیدری، سلیمان علی، مختار علی و دیگر رہنماؤں نے کہا ہے کہ چہلم شہدائے کربلا اور حضرت امام حسین علیہ السلام کے مرکزی جلوس کے سلسلے میں سیکیورٹی کے سخت اور فول پروف انتظامات کیے جائیں، جلوس کے راستوں میں صفائی کے انتظامات کو ہر صورت یقینی بنایا جائے اور کسی قسم کی کوتاہی نہ برتی جائے۔

یہ بات انہوں نے محمد علی کی رہائشگاہ پر منعقدہ اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا کہ عزاداری امام حسین علیہ السلام ہماری شہ رگِ حیات ہے اور اس موقع پر امن و امان کے تسلسل کو برقرار رکھنا انتظامیہ کی اولین ذمہ داری ہے، اس لیے سیکیورٹی پلان میں کوئی کمزوری نہ چھوڑی جائے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ ماضی میں اکثر جلوس اور مجالس کے راستوں میں صفائی کے انتظامات ناقص رہے ہیں جس کی وجہ سے شرکائ کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا، اس لیے ضروری ہے کہ اس بار صفائی ستھرائی کے مؤثر اقدامات مکمل کیے جائیں، نکاسی آب کے نظام کو درست رکھا جائے اور کسی بھی جگہ گندگی یا پانی کے جمع ہونے کی شکایت نہ ہو۔

رہنماؤں نے کہا کہ عزاداران کو پرسکون اور محفوظ ماحول فراہم کرنے کے لیے انتظامیہ اپنی تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائے تاکہ چہلم کا یہ عظیم دن امن و احترام کے ساتھ مکمل ہو۔