پنجاب کو معاشی سرگرمیوں کا مرکز بنا نے کیلئے محنت سے کام کیا جائے‘چوہدری شافع حسین

سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے زیر اہتمام پیسک ہاؤس میں جشن آزادی کی تقریب کا انعقاد

جمعرات 14 اگست 2025 19:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن کے زیر اہتمام پیسک ہاؤس میں جشن آزادی کی تقریب کا انعقاد ہوا۔ جس میں صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین مہمان خصوصی تھے۔ صوبائی وزیر نے ایم ڈی پنجاب سمال انڈسٹریز کارپوریشن سائرہ عمر اور دیگر افسران و اہلکاروں کے ہمراہ جشن آزادی کا کیک کاٹا۔

(جاری ہے)

صوبائی وزیر صنعت و تجارت چوہدری شافع حسین نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر صوبے بھر میں جشن آزادی کی تقریبات کا سلسلہ جاری ہے۔ قوم اپنا 78 واں یوم آزادی جوش و خروش سے منا رہی ہے۔انہوں نے کہا کہ قوم آج تحریک قیام پاکستان کے ہیروز کو بھرپور خراج تحسین پیش کر رہی ہے۔ہمیں آزاد فضاؤں میں سانس لینے کا حق دینے والی قربانیوں کو یاد رکھنا ہے۔انہوں نے کہا کہ آزادی کی خوشیاں مناتے وقت وطن عزیز کو ترقی کی منزل سے ہمنکنار کرنے کیلئے محنت سے کام کرنے کے عہد کی تجدید بھی کرنی ہے۔صوبائی وزیر نے کہا کہ پنجاب کو معاشی سرگرمیوں کا ہب بنانے کے لئے محنت،عزم اور لگن سے کام کریں۔