سوات ،یکم سے 4ستمبرتک پولیو سے بچائو قومی مہم بھرپور طریقے سے چلائی جائیگی

جمعرات 14 اگست 2025 19:10

سوات (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 14 اگست2025ء)سوات میں یکم ستمبر سے 4ستمبر2025 تک پولیو سے بچائو کی قومی مہم بھرپور طریقے سے چلائی جائے گی۔ اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان کی زیر صدارت ضلعی انسدادِ پولیو کمیٹی کا اہم اجلاس منعقد ہوا، جس میں چار روزہ مہم کے انتظامات اور تیاریوں کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔اجلاس میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر، ڈی پی او سوات، تمام اسسٹنٹ کمشنرز (ویڈیو لنک کے ذریعی)، ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر، ای پی آئی کوآرڈینیٹر، این سٹاپ آفیسر، محکمہ تعلیم، صحت، لوکل گورنمنٹ، پولیس اور دیگر متعلقہ اداروں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

این سٹاپ آفیسر ڈاکٹر انور جمال نے اجلاس کو مہم کے مقاصد، حکمتِ عملی اور عملی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی۔

(جاری ہے)

مہم کے دوران تربیت یافتہ ٹیمیں گھر گھر جا کر پانچ سال سے کم عمر بچوں کو پولیو سے بچا کے قطرے پلائیں گی۔ اس مقصد کے لیے طبی عملہ، انتظامی افسران اور متعلقہ محکموں پر مشتمل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو نظم و ضبط اور ذمہ داری کے ساتھ اپنا فریضہ انجام دیں گی۔

ضلعی اور یونین کونسل سطح پر مثر نگرانی کا نظام وضع کیا گیا ہے تاکہ مہم کی شفافیت اور معیار کو یقینی بنایا جا سکے۔ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان نے عوام سے پرزور اپیل کی کہ وہ پولیو ٹیموں سے بھرپور تعاون کریں اور اپنے پانچ سال سے کم عمر بچوں کو لازمی طور پر حفاظتی قطرے پلائیں۔ انہوں نے کہا کہ بطور ذمہ دار شہری ہمارا فرض ہے کہ ہم اس مہلک مرض کے مکمل خاتمے کے لیے حکومت کے ساتھ کندھے سے کندھاملا کرچلیں۔