آزادی کا تحفہ ہمیں اتحاد، قربانی اور یکجہتی کا پیغام دیتا ہے،صوبائی وزیر اقلیتی امور

جمعرات 14 اگست 2025 20:00

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) محکمہ انسانی حقوق و اقلیتی امور کے زیر اہتمام 78ویں یومِ آزادی پاکستان کی مناسبت سے ایک پروقار پرچم کشائی کی تقریب منعقد ہوئی۔ تقریب میں صوبائی وزیر اقلیتی امور سردار رمیش سنگھ اروڑہ مہمانِ خصوصی تھے جبکہ سیکرٹری انسانی حقوق فرید احمد تارڑ اور پارلیمانی سیکرٹری سونیا عاشر بھی شریک ہوئے۔

تقریب کا آغاز قومی ترانے سے ہوا، جس کے بعد صوبائی وزیر نے دیگر مہمانانِ گرامی کے ہمراہ پرچم کشائی کی۔ اس موقع پر رمیش سنگھ اروڑہ نے یادگارِ آزادی کے طور پر پودا لگایا اور شرکا کے ہمراہ کیک کاٹا۔اس موقع پر اپنے خطاب میں رمیش سنگھ اروڑہ نے قوم کو یومِ آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ آزادی کا تحفہ ہمیں اتحاد، قربانی اور یکجہتی کا پیغام دیتا ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ جشنِ آزادی ہمیں ملک و قوم کے لیے خدمت اور قربانی کا جذبہ پیدا کرنے کی یاد دلاتا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کے وژن کے مطابق صوبے میں مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کو یقینی بنایا جا رہا ہے اور صوبہ بھر میں بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ صوبائی وزیر نے بتایا کہ پنجاب میں پہلی بار "تاریخی مینارٹی ویک"جوش و خروش سے منایا گیا، جس میں پاک فوج کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔

رمیش سنگھ اروڑہ نے کہا، "ہمیں اپنی فوج پر فخر ہے اور شہدا کی قربانیوں کو سلام پیش کرتے ہیں۔"انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مذہبی اقلیتوں کے حقوق کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات جاری رہیں گے کیونکہ پاکستان میں تمام مذاہب کے ماننے والوں کو مکمل مذہبی آزادی حاصل ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کی ترقی اور خوشحالی کا سفر تیزی سے جاری ہے اور ہم سب کو اپنے اپنے شعبہ میں دیانتداری اور جذبہ خدمت کے ساتھ کردار ادا کرنا چاہیے۔