کشتواڑ سانحہ:میر واعظ عمر فاروق اور آغا سید حسن الموسوی کااظہار افسوس

جمعرات 14 اگست 2025 21:00

سرینگر (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) کل جماعتی حریت کانفرنس کے سینئر رہنماء میرواعظ عمر فاروق نے کشتواڑ میں بادل پھٹنے کے المناک واقعے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع اور بڑے پیمانے پر تباہی پر گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق میر واعظ عمر فاروق نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ایک پوسٹ میں سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے دعاکی۔

ادھر سینئر حریت رہنماء اور جموں و کشمیر انجمن شرعی شیعیان کے سربراہ آغا سید حسن موسوی الصفوی نے بھی ایک بیان میں کشتواڑ میں بادل پھٹنے کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پرشدید رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ سانحہ نہ صرف متاثرہ خاندانوں بلکہ پوری وادی کشمیر اور جموں خطے کے عوام کے لیے ایک صدمہ ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے متاثرہ خاندانوں سے دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس غم کی گھڑی میں ان کے دکھ درد میں برابر کے شریک ہیں۔

انہوں نے ضلعی اور ریاستی انتظامیہ سے مطالبہ کیا کہ وہ متاثرہ علاقوں میں فوری طور پر امداد اور بچائوکی کارروائیوں کو تیز کریں اور لاپتہ افراد کی تلاش کے لیے ہر ممکن وسائل بروئے کار لائے جائیں۔ واضح رہے کہ ضلع کشتواڑ کے دور دراز گائوں چشوتی میں بادل پھٹنے سے کم سے کم 33افرادہلاک اور متعدد لاپتہ ہو گئے ہیں ۔