انسانی حقوق سے متعلق امریکی رپورٹ نے مودی حکومت کو آئینہ دکھا دیا

جمعرات 14 اگست 2025 21:10

واشنگٹن (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 14 اگست2025ء) امریکی وزارت خارجہ کی دنیا بھر میں انسانی حقوق سے متعلق سالانہ رپورٹ جاری کردی گئی جس میں بھارت کی مودی حکومت کو آئینہ دکھایا گیا ہے۔کشمیرمیڈیاسروس کے مطابق امریکی وزارت خارجہ کی انسانی حقوق سے متعلق سالانہ رپورٹ میں کہاگیاہے کہ بھارت میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں پر یا تو ناکافی یا شاذ و نادر ہی اقدامات کیے جاتے ہیں۔

رپورٹ کے مطابق بھارت میں اقلیتوں کے خلاف نفرت انگیز تقاریر اور پرتشدد واقعات میں اضافہ دیکھا گیا ہے اورمودی حکومت نے انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث اہلکاروں کے خلاف برائے نام کارروائی کی ہے۔رپورٹ میں بھارت کے بدنام زمانہ متنازعہ قانون شہریت کو اقلیتوں کے خلاف استعمال کئے جانے کے شواہد بھی پیش کیے گئے۔

(جاری ہے)

اس قانون کو اقوامِ متحدہ نے بھی امتیازی قرار دیاہے۔

امریکی رپورٹ میں بھارت کے تبدیلی مذہب پر سزا کے قوانین کو مذہبی آزادی کے خلاف قرار دیتے ہوئے تشویش کا اظہار کیاگیاہے۔رپورٹ میں بھارتی پارلیمنٹ کے ایوان زیریں لوک سبھا کی طرف سے 2019میں کشمیر کی خصوصی حیثیت کی منسوخی اور اس کے بعدکشمیری مسلمانوں پر عرصہ حیات کو تنگ کرنے کے واقعات کو بھی رپورٹ کیا گیا۔امریکی رپورٹ میں بھارتی حکومت کی جانب سے مسلمانوں کی جائیدادوں کے انہدام پر بھی گہری تشویش کا اظہار کیا گیاہے۔بھارتی حکومت نے روایتی ہٹ دھرمی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ امریکی رپورٹ میں عائد کیے گئے ان الزامات کو مسترد کردیا۔