آزادی ایک انمول نعمت ہے آزاد وخود مختار پاکستان ہمارے اسلاف کی قربانیوں کا ثمر ہے ، محمد شاداب رضا نقشبندی

جشن آزادی پاکستان ہمیں ایمان ،اتحاد اور تنظیم کو فروغ دینے سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے ایک ہونے کا درس دیتی ہے،سربراہ پاکستان سنی تحریک

جمعہ 15 اگست 2025 05:10

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء) سربراہ پاکستان سنی تحریک محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہاکہ آزادی ایک انمول نعمت ہے آزاد وخود مختار پاکستان ہمارے اسلاف کی قربانیوں کا ثمر ہے ،پاکستان کے 78ویں جشن آزادی ہمیں ایمان ،اتحاد اور تنظیم کو فروغ دینے سبز ہلالی پرچم کے سائے تلے ایک ہونے کا درس دیتی ہے ،غلامی کی زنجیروںکو توڑ کر پاکستان کے قیام کیلئے 22لاکھ سے زائد لوگوں نے قربانیاں دی ہیں ،پاکستان حاصل کرنے کیلئے کسی نے اپنا گھر چھوڑا کسی نے اپنے پیاروں کو کھویا تو کسی نے اپنی جان دے دی ،قیام پاکستان کی جدوجہد میں بزرگوں ،جوانوں ،عورتوں ،بچوں سب کا خون شامل ہے ،دوقومی نظریہ کی بنیاد پر آزاد وخود مختار پاکستان حاصل کرنے کی شمع علماء اہلسنت نے عوام کے دلوں میں روشن کی اور غلامی کی زنجیروں کو توڑ کر اسلام کے نام پر پاکستان حاصل کیا ،آج ہم پاکستان میں آزادزندگی اور آزادی سے سانس لے رہے ہیں شہداء پاکستان کے لہو کی مرہون منت ہے ،ہمیں اپنے ملک پاکستان کیلئے ایمانداری ،محنت اور خلوص کے ساتھ کام کرنا چاہیے تاکہ آنے والی نسلیں بھی آزاد فضاء میں سانس لے سکیں ، پاکستان بنانے کی جدوجہد میں شہید ہونیوالے اپنے اسلاف ابائواجداد کو خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،پاکستان کی سلامتی اور دہشتگردی کے خلاف شہید ہونے والے پاک فوج ،رینجرز ،پولیس اور سوسائٹی کے شہداء کو بھی خراج عقیدت پیش کرتے ہیں ،دہشتگردی اور دہشتگردوں کے خاتمے کیلئے 90ہزار سے زائد قربانیوں کو کسی طور بھی فراموش نہیں کیا جاسکتا،ان خیالات کا اظہار انہوں نے پاکستان کی78ویں جشن آزادی کے موقع پر ملک کے عوام کو یوم آزادی کی مبارکباد دیتے ہوئے کیا ،محمد شاداب رضا نقشبندی نے کہا کہ آزادی کی قدر اور اس کا تحفظ کرنا ہر محب وطن کا ایمانی اور قومی فرض ہے ،پوری قوم ملک دشمن قوتوں کے دانت کھٹے کرنے کیلئے پاک فوج کے شانہ بشانہ کھڑی ہے ،ملک کی سلامتی وبقاء اور استحکام کیلئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے ،قائد اعظم محمد علی جناح ایمان اتحاد اور تنظیم کی طاقت کے تحریک پاکستان کی جدوجہد میں کوشاں رہے ،طویل جدوجہد اور لازوال قربانیوں کے بعد پاکستان معرض وجود میں آیا ،پاکستان بننے کے بعد قائد اعظم نے ایک موقع پر کہا کہ ہمیں کسی نئے دستور کی ضرورت نہیں ہمارا دستور قرآن پاک ہے،پاکستان میں نظام مصطفی ﷺ کے نفاذ کیلئے علماء ومشائخ اور ہر محب وطن پاکستانی کو حقیقی جدوجہد کرنا ہوگی ،پاکستان سنی تحریک ملک میں نظام مصطفی ﷺ کا نفاذ اور عوامی حقوق کیلئے جدوجہد کرتی رہے گی ۔