ٹرمپ پیوٹن مذاکرات کی ناکامی پر بھارت پر مزید ٹیرف لگے گا، امریکی وزیر خزانہ

امریکا بھارت پر 25 فیصد ٹیرف پہلے ہی لگا چکا ہے جبکہ روس سے پیٹرولیم مصنوعات خریدنے کی پاداش میں اضافی 25 فیصد ٹیرف کا اطلاق اگلے کچھ دنوں میں ہو گا، اسکاٹ بیسنٹ نے خبردار کردیا

Faizan Hashmi فیضان ہاشمی جمعہ 15 اگست 2025 11:30

ٹرمپ پیوٹن مذاکرات کی ناکامی پر بھارت پر مزید ٹیرف لگے گا، امریکی وزیر ..
واشنگٹن  (اردو پوائنٹ تازہ ترین اخبار ۔ 15 اگست 2025ء )امریکی وزیرِ خزانہ اسکاٹ بیسنٹ نے بھارت کو خبردار کیا ہے کہ اگر صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور ولادیمیر پیوٹن کے مذاکرات ناکام ہوئے تو بھارت پر مزید ٹیرف عائد کیے جائیں گے۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق امریکی وزیرِ خزانہ کا مزید کہنا تھا کہ بھارت پر لگایا گیا اضافی 25 فیصد ٹیرف مزید بڑھایا بھی جا سکتا ہے۔

وزیرِ خزانہ نے بتایا کہ امریکا بھارت پر 25 فیصد ٹیرف پہلے ہی لگا چکا ہے جبکہ روس سے پیٹرولیم مصنوعات خریدنے کی پاداش میں اضافی 25 فیصد ٹیرف کا اطلاق اگلے کچھ دنوں میں ہو گا اور اس طرح بھارت کو امریکا کی جانب سے 50 فیصد ٹیرف کا سامنا ہو گا اور اگر ٹرمپ پیوٹن مذاکرات ناکام ہوئے تو یہ مجموعی ٹیرف 50 فیصد سے بھی زیادہ ہو جائے گا۔

(جاری ہے)

اسکاٹ بیسنٹ کا کہنا ہے کہ بھارت پر مزید اضافی ٹیرف کا انحصار ٹرمپ پیوٹن مذاکرات کے نتائج پر ہے۔

  دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ وہ روسی صدر ولادیمیر پیوٹن کے ساتھ ایک اہم معاہدے کے لیے تیار ہیں، جس میں یوکرین جنگ اور دونوں ممالک کے اقتصادی تعلقات پر بات چیت ہوگی۔ امریکی میڈیا کے مطابق صدر ٹرمپ نے فالو اَپ ملاقات کے لیے تین ممکنہ مقامات بھی تجویز کیے ہیں۔ صدر ٹرمپ نے کہا کہ روس پر مزید پابندیوں کے خدشے نے مذاکرات کے لیے راہ ہموار کی ہے۔ تاہم، ان کا کہنا تھا کہ یوکرین میں فوری جنگ بندی کا امکان واضح نہیں، لیکن وہ کسی معاہدے میں دلچسپی رکھتے ہیں۔