کیریبین پریمیئر لیگ ، سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کا فاتحانہ آغاز،اینٹیگوا اینڈ باربوڈا فالکنز کو ابتدائی میچ میں 6وکٹوں سےہرا دیا

جمعہ 15 اگست 2025 13:22

سینٹ کٹس (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس نے کیریبین پریمیئر لیگ کے ابتدائی میچ میں اینٹیگوا اینڈ باربوڈا فالکنز کو6 وکٹ سے شکست دے کر لیگ کا فاتحانہ آغاز کر دیا۔ سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس نے اینٹیگوا اینڈ باربوڈا فالکنز کی ٹیم کی طرف سے ملنے والے 122 رنز کا ہدف 15ویں اوور میں 4وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کے وقار سلام خیل کو شاندار بائولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ جمعہ کو وارنر پارک، باسیٹری، سینٹ کٹس میں کھیلے گئے سی پی ایل کے ابتدائی میچ میں سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کے کپتان مایہ ناز آل رائونڈر جیسن ہولڈر نے ٹاس جیت کر پہلے فیلڈنگ کرنے کا فیصلہ کیا جو بعد میں درست ثابت ہوا۔

(جاری ہے)

سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کے بائولرز کی عمدہ بائولنگ کی بدولت اینٹیگوا اینڈ باربوڈا فالکنز کی ٹیم نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 17.1 اوورز میں 121 رنز بناکر آئوٹ ہوگئی اور اس نے سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کو میچ میں کامیابی کے لئے 122 رنز کا ہدف دیا۔

کریمہ گور نے 61 رنز کی عمدہ اننگز کھیلی،شکیب الحسن اور کپتان عماد وسیم نے بالترتیب 11،11 رنز بنائے۔ سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کی جانب سے عمدہ بائولنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے وقار سلام خیل نے چار جبکہ پاکستان کے مایہ ناز فاسٹ بائولر نسیم شاہ اور فضل الحق فاروقی نے دو، دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ جواب میں سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کی ٹیم نے مطلوبہ 122 رنز کا ہدف 15 ویں اوور میں 4 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کرلیا۔

ایلک ایتھنیز ناقابل شکست 37،ایون لیوس 25،آندرے فلیچر 19، اور کپتان جیسن ہولڈر ناقابل شکست 18 رنز کے ساتھ نمایاں بلے باز رہے۔اینٹیگوا اینڈ باربوڈا فالکنز کے رحیم کارن وال نے دو کھلاڑیوں کو آئوٹ کیا۔ سینٹ کٹس اینڈ نیوس پیٹریاٹس کے وقار سلام خیل کو شاندار بائولنگ پر میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔ \932