Live Updates

بجلی کا تسلسل قائم رکھناہماری پیشہ ورانہ ذمہ داری ہے،سلیم شاہ

جمعہ 15 اگست 2025 13:29

فیصل آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) سپرنٹنڈنگ انجینئرفیسکوسیکنڈ سرکل سید محمد سلیم شاہ نے کہا ہے کہ بجلی کا تسلسل قائم رکھنا اگرچہ ہماری پیشہ ورانہ ذمہ داری ہے مگر انسانی جان کی حفاظت ہمارا دینی فریضہ اور خاندان کی ضرورت ہے جسے لاپرواہی کی بھینٹ نہیں چڑھنا چاہئے۔وہ فیسکو سیکنڈ سرکل فیصل آباد میں منعقدہ سیفٹی سیمینارسے خطاب کررہے تھے۔

انھوں نے کہا کہ کوئی بھی عملی یا ہنگامی صورت حال کبھی کسی کی زندگی کو خطرے میں ڈالنے کا جواز پیش نہیں کرسکتی۔ فیسکو اپنے کارکنان کی حفاظت کیلئے ہرسال کروڑوں روپے خرچ کررہی ہے،ان کیلئے حفاظتی آلات منگوائے جارہے ہیں۔انھوں نے ہدایت کی کہ آپریشن سٹاف حفاظتی آلات کے بغیر چالو لائنوں پر ہرگز کام نہ کرے اگر کوئی ایسا کرنے کا حکم دے تو اسے ماننے سے انکار کردیں کیونکہ یہ حفاظتی پالیسی کے خلاف ہے دوسرا حد سے زیادہ خوداعتمادی جان لیوا بھی ثابت ہوسکتی ہے۔

(جاری ہے)

لہٰذا کبھی بھی حفاظتی آلات اور اقدامات کے بغیر کام نہ کریں۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ڈائریکٹر (ایچ ایس ای اینڈ کیو)محمد کلیم اللہ نے کہا کہ ہر ماہ مختلف حادثات میں کارکن اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھتے یا عمر بھر کیلئے معذور ہو جاتے ہیں یہ حادثات نہ صرف کمپنی کیلئے نقصان دہ ہیں بلکہ ان کے اہل خانہ کیلئے بھی قیامت سے کم نہیں۔ بیوہ اور بچے گھر کے سربراہ اور کفیل سے محروم ہو جاتے ہیں۔

اب ان کی زندگی کس کرب سے گزرے گی اس کا کسی کو اندازہ نہیں ہوتا۔اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ایکسین پیپلز کالونی ڈویژن سید فہیم شاہ نے کہا کہ مختلف حادثات کی وجوہات سے پتہ چلتا ہے کہ زیادہ تر حادثات سٹاف کی حد سے زیادہ خود اعتمادی کی وجہ سے رونما ہوتے ہیں۔ موجودہ حالات میں گھروں میں یو پی ایس، جنریٹر اور ڈبل سورس کی وجہ سے لائنو ں میں بیک فیڈنگ ہو سکتی ہے اور نتیجتاً جان لیوا حادثہ رونما ہو سکتا ہے اس خطرناک صورتحال کے تدارک کیلئے کام کی جگہ کو دونوں اطراف سے ارتھ کر لیں۔

انھوں نے حاضرین سے احتیاطی تدابیر اختیار کرکے کام کرنے کا حلف بھی لیا۔سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے واپڈا ہائیڈرو الیکٹرک لیبر یونین کے زونل چیئرمین رانا محمد طارق نے کہا کہ ملازمین کے مسائل حل کئے بغیر سیفٹی اقدامات ا دھورے ہوں گے۔واپڈا میں شہادتیں فوج کے بعد دوسرے نمبر پر ہیں ہر ماہ بجلی کی لائنوں پر کام کرتے ہوئے درجنوں اہل کار شہیدیا معذور ہوجاتے ہیں۔

ڈیڑھ لاکھ واپڈا،پیپکو ملازمین کم تنخواہوں اور کمرتوڑ مہنگائی کی وجہ سے شدید ذہنی تناؤ کا شکارہیں۔اس کے مقابلے میں بقیہ تمام اداروں کی تنخواہیں زیادہ ہیں اسی ذہنی تناؤ کی وجہ سے لائن مین کام کے دوران حادثات کا شکار ہوتے ہیں۔جب تک ملازمین کی تنخواہیں اس کے کام اور مہنگائی کے حساب سے نہیں ہوں گی وہ ذہنی طور پر ڈپریشن کا شکاررہیں گے۔

سیفٹی اقدامات اور معیاری ٹی اینڈ پی کی فراہمی کے ساتھ ساتھ ملازمین کو مالی پریشانیوں سے نجات دلانا بھی ضروری ہے۔ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے ایس ڈی اوصدربازار سب ڈویژن وقاص اسلم اور دیگر مقررین نے بھی حفاظتی اقدامات اور سیفٹی کوڈ پرعمل پیرا ہونے پر زور دیا۔ سیمینار میں سیکنڈ سرکل کے ایس ڈی او حضرات،سی بی اے یونین کے عہدیداران اور ملازمین کی کثیر تعداد نے شرکت کی۔
Live مہنگائی کا طوفان سے متعلق تازہ ترین معلومات