Live Updates

مانسہرہ میں کلائوڈ برسٹ اور طوفانی بارشوں سے مختلف حادثات میں 13 افراد جاں بحق،درجنوں لاپتہ

جمعہ 15 اگست 2025 16:50

ایبٹ آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) مانسہرہ ضلع کے مختلف علاقوں میں کلائوڈ برسٹ اور مسلسل طوفانی بارشوں کے باعث آنے والے سیلابی ریلوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے نتیجے میں 13 افراد جاں بحق جبکہ 26 افراد لاپتہ ہو گئے،اب تک 12 افراد کو زندہ بچا لیا گیا ہے اور ریسکیو کارروائیاں جاری ہیں،تھانہ بٹل کی حدود ڈھیری حلیم میں کلائوڈ برسٹ سے پیدا ہونے والے سیلابی ریلے نے چھ گھروں کو تباہ کر دیا جس کے نتیجے میں 26 سے 27 افراد اور مویشی بہہ گئے بعد ازاں تھانہ شملائی بٹگرام کی حدود سے 09 لاشیں برآمد ہوئیں جن میں 06 مرد،02 خواتین اور ایک بچہ شامل ہے، باقی لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے،تھانہ بالاکوٹ کی حدود بیسیا کٹھہ میں ایک مہران گاڑی سیلابی ریلے میں بہہ گئی جس میں 2 افراد جاں بحق ہو گئے جبکہ گاڑی میں سوار 4 افراد کو زندہ بچا لیا گیا،تھانہ گڑھی حبیب اللہ کی حدود خیرآباد میں بارش کے باعث ایک مکان گرنے سے ماں اور بیٹی جاں بحق ہو گئیں جبکہ ایک کمسن بچی کو ملبے سے زندہ نکال لیا گیا دیگر متاثرہ علاقوں میں بھی ریسکیو کارروائیاں کی گئیں۔

(جاری ہے)

گزشتہ روز تھانہ ناران کی حدود جھیل سماک سر میں بارش کے بعد پھنسے ہوئے 07 سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیاہے،تھانہ گڑھی حبیب اللہ کی حدود بٹراسی میں لینڈ سلائیڈنگ سے سڑک بند ہو گئی جسے مانسہرہ پولیس نے دیگر محکموں اور مقامی افراد کی مدد سے فوری طور پر کھول کر ٹریفک بحال کر دی، اسی طرح تھانہ نواز آباد اور تھانہ ناران کی حدود میں بھی لینڈ سلائیڈنگ کے باعث بند ہونے والی اہم سڑکوں کو پولیس، انتظامیہ اور مقامی افراد کی مشترکہ کوششوں سے کھول دیا گیا،انتظامیہ نے عوام سے اپیل کی ہے کہ ندی نالوں سے دور رہیں،اپنے بچوں پر نظر رکھیں اور کسی بھی ہنگامی صورتحال کی صورت میں فوری طور پر پولیس کو اطلاع دیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات