آزاد کشمیر کی تاریخ کے سب سے بڑے ریسکیو آپریشن میں 500 سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیاگیا

جمعہ 15 اگست 2025 16:56

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) آزاد کشمیر کی تاریخ کے سب سے بڑے ریسکیو آپریشن میں 500 سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیاگیا۔پی آئی ڈی آزادکشمیر کیمپ آفس کی طرف سے جاری بیان کے مطابق آزاد کشمیر میں طوفانی بارشوں سے 800 کے قریب سیاح نیلم کے علاقے رتی گلی میں پھنس گئے تھے،500 سے زائد سیاحوں کو ریسکیو کرکے دواریاں پہنچا دیا گیا۔

(جاری ہے)

ریسکیو آپریشن میں پاک آرمی،ایس ڈی ایم اے،ریسکیو 1122،ٹوریسٹ وٹریفک پولیس اور مقامی افرادنے حصہ لیا۔حکومت آزادکشمیر کی طرف سے پھنسے ہوئے تمام سیاحوں کے لئے رہائش اور کھانے پینے کا اہتمام بھی کیا گیا۔ترجمان کے مطابق باقی رہ جانے والے 300 سیاحوں کو بھی ریسکیو کیا جا رہا ہے ، شام تک انہیں دواریاں پہنچا دیا جائے گا۔ وزیراعظم آزادکشمیر چوہدری انوارالحق رات بھر خود ریسکیو آپریشن کی نگرانی کرتے رہے۔ترجمان کے مطابق 2 زخمی سیاحوں کو فوری طبّی امداد دی گئی،سیاحوں میں زیادہ تر تعداد بچوں اور خواتین کی ہے۔