Live Updates

نیلم، رتی گلی میں 500 سے زائد سیاح شدید بارش، طغیانی اور لینڈ سلائیڈز کے باعث محصور

جمعہ 15 اگست 2025 17:02

مظفر آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) نیلم، رتی گلی میں 500 سے زائد سیاح شدید بارش، طغیانی اور لینڈ سلائیڈز کے باعث محصورآزاد جموں و کشمیر کے ضلع نیلم میں گزشتہ رات سے جاری شدید بارش، طغیانی اور لینڈ سلائیڈز کے نتیجے میں رتی گلی اور قریبی مقامات پر 500 سے زائد سیاح پھنس گئے ہیں۔گزشتہ رات بروقت کارروائی کرتے ہوئے 50 سے 60 سیاح کو محفوظ مقام پر منتقل کر دیا گیا۔

مزید 50 سے 60 سیاح دواریاں سے تقریباً چھ کلومیٹر کے فاصلے پر جبی نامی مقام پر قیام پذیر ہیں۔ باقی تمام سیاح، جن کی تعداد 500 سے 600 کے درمیان بتائی ہے، رتی گلی کیمپ میں موجود ہیں۔حکومت آزاد جموں و کشمیر کے وزیر اطلاعات، پیر مظہر سعید، موقع پر موجود ہیں اور صورتِ حال کی نگرانی کر رہے ہیں۔

(جاری ہے)

وزیرِ اعظم آزاد جموں و کشمیر کی خصوصی ہدایات پر SDMA، پولیس، ضلعی انتظامیہ اور پاک فوج نے مشترکہ ریسکیو آپریشن کا آغاز کر دیا ہے۔

آپریشن کے پہلے مرحلے میں جبی میں موجود سیاحوں کو محفوظ مقام پر منتقل کیا جائے گا، اس کے بعد دوسرے مرحلے میں رتی گلی کیمپ سے سیاحوں کا انخلا کیا جائے گا۔جبی، مین نیلم روڈ، دواریاں کے مقام سے تقریباً 6 کلومیٹر کے فاصلے پر ہے جبکہ رتی گلی کیمپ تقریباً 14 کلومیٹر دور واقع ہے۔اسٹیٹ ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی عوام سے اپیل کرتی ہے کہ موجودہ موسمی صورت حال میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں اور حکومتی ہدایات پر عمل کریں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات