معرکہِ حق اور یومِ آزادی کی تقریبات کی مناسبت سے ایس ایس یو ہیڈکوارٹرزمیں شوٹنگ مقابلے کا انعقاد

جمعہ 15 اگست 2025 17:39

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء)معرکہِ حق اور پاکستان کے 78ویں یومِ آزادی کی مناسبت سے، اسپیشل سیکیورٹی یونٹ (SSU) ہیڈ کوارٹرزمیں سفارتی عملے کے درمیان شوٹنگ مقابلے کاانعقاد کیا گیا۔اس باوقار تقریب میں مختلف ممالک کے سفارتی عملے نے شرکت کی جن میں امریکہ، روس، ترکیہ، فرانس، ملائشیا، ایران، چین، جرمنی،تھائی لینڈ، جنوبی کوریا، انڈونیشیا، اٹلی، ایتھوپیا،اور عمان شامل تھے۔

یہ مقابلہ نشانہ بازی اور باہمی دوستی کے جذبے کا مظہر تھا۔مقابلے میں مرد و خواتین کے انفرادی پسٹل شوٹنگ کی کٹیگریز کے ساتھ ساتھ ٹیم مقابلے بھی شامل تھے۔ ٹیم کیٹیگری میں امریکی قونصل خانے نے پہلی پوزیشن حاصل کی، روسی قونصل خانہ دوسری اور ترکیہ قونصل خانہ تیسری پوزیشن پر رہا۔

(جاری ہے)

مردوں کے انفرادی مقابلے میں ترکیہ کے قونصل خانے سے رمضان دوزنی نے پہلی، امریکی قونصل خانے کے ٹکر ہوفاکر نے دوسری اور روسی قونصل خانے کے ولادیمیر لینکوف نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔

خواتین کے انفرادی مقابلے میں روسی قونصل خانے کی یلینا پوپووا نے پہلی، مارینا کوساریوا نے دوسری اور تھائی لینڈ کے قونصل خانے کی سری پراپائی بونتینند نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔اس کے علاوہ، اسپیشل گیسٹ خواتین کیٹیگری میں مشعل مقصود نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔تقریب کے مہمانِ خصوصی ڈی آئی جی سیکیورٹی اینڈ ایمرجنسی سروسز ڈویژن ڈاکٹر مقصود احمد تھے، جنہوں نے تمام شرکا کو شاندار کارکردگی پر مبارکباد پیش کی اور پوزیشن لینے والے سفارتی عملے کو میڈلز پیش کئے۔

اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے ڈاکٹر مقصود احمد نے کہا کہ یہ مقابلہ، جو معرکہ ِ حق اور یومِ آزادی کی تقریبات کے تحت منعقد ہو، ہماری اس کاوش کا مظہر ہے کہ ہم اقوام کے مابین باہمی افہام و تفہیم، تعاون اور دوستانہ روابط کو فروغ دینا چاہتے ہیں۔ ایسے پروگرام نہ صرف سفارتی تعلقات کو مضبوط کرتے ہیں بلکہ ہمارے سیکیورٹی اداروں کی پیشہ ورانہ مہارت، نظم و ضبط اور مہمان نوازی کو بھی اجاگر کرتے ہیں۔ ہم سفارتی برادری کی پرجوش شرکت اور تعاون پر ان کے شکر گزار ہیں۔'تقریب کا اختتام ایک حب الوطنی سے بھرپور لمحے پر ہوا جب ڈاکٹر مقصود احمد نے سفارتکاروں، مہمانوں اور سینئر پولیس افسران کے ہمراہ یومِ آزادی کا کیک کاٹا، جو اتحاد، امن اور پاکستان کی پائیدار روح کی علامت تھا۔