سندھ ہائیکورٹ ، گلشن جمال میں پانی کی عدم فراہمی کیخلاف درخواست کی فوری سماعت کی استدعا منظور، واٹر کارپوریشن سے 17 ستمبر تک رپورٹ طلب

جمعہ 15 اگست 2025 17:57

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء)سندھ ہائیکورٹ نے گلشن جمال میں پانی کی عدم فراہمی کیخلاف درخواست کی فوری سماعت کی استدعا منظور کرتے ہوئے واٹر کارپوریشن سے 17 ستمبر تک رپورٹ طلب کرلی۔ سندھ ہائیکورٹ میں گلشن جمال میں پانی کی عدم فراہمی کیخلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔ درخواستگزار کے وکیل عثمان فاروق ایڈووکیٹ نے موقف دیا کہ واٹر کارپوریشن حکام نے تاحال جواب جمع نہیں کروایا ہے۔

(جاری ہے)

علاقے میں پانی نہ آنے کی وجہ سے رہائشی ٹینکر سروس کو ہر ماہ ہزاروں روپے دیکر پانی خریدنے پر مجبور ہیں۔ گلشن جمال کے رہائشی افراد ٹیکس ادا کرتے ہیں اور پھر بھی ان لوگوں کو پانی نہیں ملتا۔ علاقہ مکین کئی سالوں سے پانی نا آنے کی وجہ سے شدید مشکلات سے دو چار ہیں۔ متعلقہ حکام کو علاقے میں نئی پانی کی لائن بچھانے کا حکم دیا جائے۔ عدالت نے درخواست کی فوری سماعت کی استدعا منظور کرتے ہوئے واٹر کارپوریشن سے 17 ستمبر تک رپورٹ طلب کرلی۔ درخواست جماعت اسلامی کے امیر ضلع شرقی نعیم اختر کی طرف سے دائر کی گئی تھی۔ درخواست میں واٹر کارپوریشن، فیصل کنٹونمنٹ، سندھ حکومت اور دیگر کو درخواست میں فریق بنایا گیا تھا۔