بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کے زیراہتمام آزادی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ

آزادی کپ'' کے تحت مختلف کھیلوں کی سرگرمیاں جاری ہیں جن میں کرکٹ ٹورنامنٹ کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے،غلام حسین سوہو

جمعہ 15 اگست 2025 17:57

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء) بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کے زیرِ اہتمام جشنِ آزادی اورمعرکہء حق کے سلسلے میں منعقدہ آزادی کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کا شاندار افتتاح کیا گیا۔ افتتاحی تقریب کے مہمانِ خصوصی بورڈ کے چیئرمین غلام حسین سوہو تھے جنہوں نے تقریب کا آغاز کیا۔ اس موقع پر انجینئر منور حمید، ڈاکٹر نوید احمد، عمران بٹ، حبیب اللہ سہاگ اور ایم اے جعفری سمیت دیگر معززین بھی موجود تھے۔

تقریب میں کراچی پرائیویٹ اسکولز فیڈریشن کے چیئرمین انجینئر منور حمید کی قیادت میں ایک وفد نے بھی شرکت کی، جس میں عارف خلجی، مرزا ہمائیوں بیگ، محمد ندیم خان اور محمد حیات شامل تھے۔ وفد نے بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کی جانب سے طلبہ کی ہمہ جہت تربیت اور کھیلوں کے فروغ کے لیے جاری کوششوں کو سراہا اور اس بات کا اعادہ کیا کہ قومی یکجہتی اور مثبت سرگرمیوں کے فروغ کے لیے ہر ممکن تعاون فراہم کیا جائے گا۔

(جاری ہے)

''آزادی کپ'' کے تحت مختلف کھیلوں کی سرگرمیاں جاری ہیں جن میں کرکٹ ٹورنامنٹ کو خصوصی اہمیت دی گئی ہے۔ اس ٹورنامنٹ کا مقصد نہ صرف کھیلوں کے ذریعے نوجوانوں کی صلاحیتوں کو پروان چڑھانا ہے بلکہ انہیں قومی جذبے اور اتحاد کا درس بھی دینا ہے تاکہ وہ ملک کی ترقی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرسکیں۔تقریب میں شریک معززین نے اس بات پر زور دیا کہ نوجوانوں کی تربیت اور کھیلوں کو فروغ دے کر پاکستان کا روشن مستقبل یقینی بنایا جا سکتا ہے۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے ذریعے قوم میں اتحاد اور بھائی چارے کو مضبوط کیا جا سکتا ہے جو ملکی سلامتی اور خوشحالی کے لیے ضروری ہے۔بورڈ آف سیکنڈری ایجوکیشن کراچی کے اس اہم اقدام کو تعلیمی اور کھیلوں کے حلقوں کی جانب سے بھرپور پذیرائی حاصل ہو رہی ہے، اور امید ظاہر کی جا رہی ہے کہ یہ سلسلہ آئندہ بھی جاری رہے گا تاکہ نوجوانوں کو مثبت سرگرمیوں کی جانب راغب کیا جا سکے۔