آر ڈی اے کا ڈینگی سے بچاؤ کے اصولوں کی خلاف ورزی پر پانچ عمارتیں سیل

جمعہ 15 اگست 2025 21:42

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) راولپنڈی ڈویلپمنٹ اتھارٹی نے ڈینگی سے بچاؤ کے اصولوں کی خلاف ورزی پر پانچ عمارتیں سیل کر دیں۔ کارروائی پنجاب ڈویلپمنٹ آف سٹیز ایکٹ 1976 اور آر ڈی اے بلڈنگ اینڈ زوننگ ریگولیشنز 2021 کے تحت عمل میں لائی گئی ۔آر ڈی اے صحت و سلامتی کے ضوابط پر عمل درآمد کے لیے مسلسل اقدامات کر رہا ہے تاکہ تمام تعمیراتی سائٹس اور عمارتیں ان اصولوں کے مطابق ہوں جو عوامی صحت کے تحفظ کے لیے مرتب کیے گئے ہیں۔

ڈائریکٹر جنرل آر ڈی اے کنزہ مرتضیٰ نے عزم کا اعادہ کرتے ہوئے کہا راولپنڈی کے شہریوں کی حفاظت اور فلاح پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔ ڈینگی ایس او پیز پر عمل درآمد لازمی ہے، اور خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

(جاری ہے)

انہوں نے مزید کہا کہ یہ کارروائی وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کی ہدایات کی روشنی میں کی گئی ہے، جنہوں نے تجاوزات اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف زیرو ٹالرنس پالیسی اپنانے کا حکم دیا ہے۔

آر ڈی اے نے شہریوں، بلڈرز اور جائیداد مالکان سے اپیل کی ہے کہ وہ ڈینگی سے بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور اتھارٹی سے تعاون کریں تاکہ اس بیماری کو روکا جا سکے۔ کنزہ مرتضیٰ نے مزید کہا کہ عوام کو بھی چاہیے کہ وہ تجاوزات سے پاک علاقوں کو برقرار رکھنے میں کردار ادا کریں تاکہ راولپنڈی کی سڑکیں محفوظ، قابل رسائی اور غیر ضروری رش سے پاک رہیں۔ یہ کاروائیاں اسسٹنٹ ڈائریکٹر بلڈنگ کنٹرول محمد داؤد، بلڈنگ سروئیر عاصم نواز اور دیگر آر ڈی اے عملے نے انجام دیں۔