یونیورسٹی آف ایجوکیشن میں یومِ آزادی تقریب، طلباء کے مقابلے اور شہداء کو خراجِ عقیدت

جمعہ 15 اگست 2025 22:08

وہاڑی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) یونیورسٹی آف ایجوکیشن وہاڑی کیمپس میں پرنسپل پروفیسر ڈاکٹر عمارہ فرخ کی زیر صدارت یومِ آزادی تقریب کا انعقاد ہوا، جس کے مہمانِ خصوصی ایم پی اے میاں ثاقب خورشید تھے۔ تقریب میں مضمون نویسی، کوئز، مباحثہ، ٹیبلو اور ملی نغموں کے دلچسپ مقابلے ہوئے، جن میں طلباء و طالبات نے بھرپور جوش و خروش سے حصہ لیا۔

تقریب میں شہدائے تحریک پاکستان کو خراجِ عقیدت اور معرکہ حق میں فتح پر پاک فوج کو سلام پیش کیا گیا۔

(جاری ہے)

ایم پی اے میاں ثاقب خورشید نے خطاب میں طلباء کو مطالعہ، سکلز سیکھنے اور مثبت سمت میں رہنمائی کی تلقین کی، جبکہ لیکچرار اسلامیات ڈاکٹر حافظ محمد حسن محمود نے یومِ آزادی کی اہمیت اور قومی کامیابیوں پر روشنی ڈالی۔اختتامی کلمات میں پرنسپل ڈاکٹر عمارہ فرخ نے قائداعظم، مسلم رہنماؤں، شہداء، کشمیری عوام اور پوری قوم کو خراجِ تحسین پیش کیا اور مہمانوں، فیکلٹی و طلباء کا شکریہ ادا کیا۔

فاتح طلباء میں سرٹیفکیٹس تقسیم کیے گئے اور پروگرام کے انعقاد میں فیکلٹی و کمیٹی کی کاوشوں کو سراہا گیا۔ آخر میں ملک کی سلامتی اور خوشحالی کے لیے دعا اور شجرکاری مہم کے تحت میاں ثاقب خورشید نے پودا لگایا۔