کراچی سمیت سندھ بھر میں جشن آزادی ’’معرکہ حق‘‘ کے عنوان سے کھیلوں کے ایونٹ اختتام پذیر

جمعہ 15 اگست 2025 22:47

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) کراچی سمیت سندھ بھر میں محکمہ کھیل سندھ کے زیر اہتمام سندھ کے 6ڈویژنوں کے 30اضلاع میں یکم اگست سے 13 اگست تک جشن آزادی ’’معرکہ حق‘‘ کے عنوان سے 160کھیلوں کے ایونٹ منعقد کئے گئے، جن میں لاکھوں گرلز و بوائز کھلاڑیوں نے حصہ لیا۔جمعہ کو ترجمان محکمہ کھیل کے مطابق کراچی سمیت صوبہ بھر میں جیتنے والے کھلاڑیوں کو میڈلز، ٹرافیاں، اسناد دی گئیں جبکہ 10 لاکھ روپے سے زائد کی کیش رقم اور 10 ہزار سے زائد کھلاڑیوں میں شرٹس تقسیم کی گئیں۔

سندھ کے اضلاع جن میں کھیلوں کا انعقاد کیا گیا ،ان میں ملیر، وسطی، شرقی، کیماڑی، کورنگی، غربی، جنوبی، حیدرآباد، بدین، مٹیاری، لاڑکانہ، سکھر، شکارپور، جیکب آباد، عمرکوٹ، مٹھی، سانگھڑ، ٹھٹہ، میرپورخاص،سجاول،جامشورو، شہید بینظیر آباد، ٹنڈو محمد خان،قمبر شہدادکوٹ، نوشہرو فیروز،کشمورکندھکوٹ، خیرپور، ٹنڈو الہ یار،گھوٹکی، دادو اور دیگر شامل ہیں۔

(جاری ہے)

کراچی کے کھیلوں کا افتتاح وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر، سیکرٹری کھیل منور علی مہیسر، ایڈیشنل سیکریٹری اسد اسحاق نے کیاجبکہ دیگر اضلاع میں حکومتی نمائندوں، میئرز، بلدیاتی نمائندوں، ڈسٹرکٹ چیئرمینز، کمشنرز، ڈپٹی کمشنرز، پاک افواج اور پولیس کے اعلی افسران نے کھیلوں کے ایونٹس میں شرکت کی اور افتتاح کیا۔ترجمان نے بتایا کہ کراچی سمیت سندھ بھر میں میراتھن، سائیکل ریس، گدھا گاڑی ریس، شطرنج، کبڈی کبڈی، رسہ کشی، تائیکوانڈو، والی بال، گلی ڈنڈہ، ٹیبل ٹینس، تھرو بال، فٹبال، شوٹنگ بال، تیر اندازی، ہاکی، رنگ بال، وہیل چیئر ریس، وہیل چیئر کرکٹ، سنوکر، ملاکھڑا اور باکسنگ سمیت دیگر کھیلوں کے دلچسپ مقابلے منعقد کئے گئے۔

صوبائی وزیر کھیل سندھ سردار محمد بخش مہر نے اس شاندار ایونٹ کی کامیابی پر سیکرٹری کھیل منور علی مہیسر، ایڈیشنل سیکرٹری اسد اسحاق، تمام ڈسٹرکٹ سپورٹس افسران اور منتظمین کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ سندھ حکومت کھیلوں کی ترقی اور نوجوان کھلاڑیوں کو مواقع فراہم کرنے کے لیے ہر سطح پر اقدامات جاری رکھے گی۔ انہوں نے کہا کہ صوبے کے کھلاڑی ہمارا سرمایہ ہیں اور اس ایونٹوں کے ذریعے صوبے کے کونے کونے سے نیا ٹیلنٹ بھی سامنے آیا ہے جسے مزید تربیت اور سہولیات فراہم کی جائیں گی۔

انہوں نے کہا کہ کھیلوں کے ایونٹس میں قومی ترانے بجائے گئے اور پاک افواج کو خراجِ تحسین پیش کیا گیا، جس سے جشن آزادی کی تقریبات کا جوش و ولولہ مزید بڑھ گیا جبکہ جشن آزادی کے کیک بھی کاٹے گئے۔ کھلاڑی "معرکہ حق" اور "جشن آزادی" کے عنوان سے منعقدہ کھیلوں میں پرجوش اور بھرپور عزم کے ساتھ شریک نظر آئے۔