گلگت بلتستان میں چہلم امام حسینؑ عقیدت و احترام سے منایا گیا

جمعہ 15 اگست 2025 20:30

گلگت (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) گلگت بلتستان میں نواسۂ رسول حضرت امام حسینؑ اور شہدائے کربلا کے چہلم کی مناسبت سے تمام اضلاع میں مذہبی عقیدت و احترام کے ساتھ مجالس اور علم و ذوالجناح کے جلوس نکالے گئے۔ جلوسوں میں شرکاء نے نوحہ خوانی، ماتم اور سلام پیش کرتے ہوئے کربلا کے شہداء کی عظیم قربانیوں کو خراج عقیدت پیش کیا۔

اس موقع پر امن و امان کی فضا برقرار رکھنے کے لیے گلگت، اسکردو، چلاس، غذر، ہنزہ، نگر، گانچھے، استور اور دیگر اضلاع میں سکیورٹی کے سخت ترین انتظامات کیے گئے۔ صوبائی محکمہ داخلہ کی ہدایت پر تمام جلوسوں کے روٹس پر پولیس، رینجرز اور اسپیشل برانچ کے اہلکار تعینات رہے جبکہ مرکزی مقامات پر واک تھرو گیٹس اور میٹل ڈیٹیکٹرز نصب کیے گئے۔

(جاری ہے)

کسی بھی ممکنہ ناخوشگوار صورتحال سے بچنے کے لیے صوبے بھر میں موبائل فون اور انٹرنیٹ سروس عارضی طور پر معطل رہی۔ ریسکیو 1122 اور محکمہ صحت کی ٹیمیں بھی جلوسوں کے ساتھ ساتھ موجود رہیں تاکہ کسی ایمرجنسی کی صورت میں فوری امداد فراہم کی جا سکے۔ترجمان صوبائی حکومت نے بتایا کہ چہلم امام حسینؑ کے موقع پر صوبے کے کسی بھی ضلع میں ناخوشگوار واقعہ پیش نہیں آیا اور تمام جلوس پرامن ماحول میں اپنے اختتام کو پہنچے۔ عوام نے سکیورٹی اداروں کے ساتھ بھرپور تعاون کیا جبکہ ضلعی انتظامیہ اور مقامی کمیٹیوں نے جلوسوں کے لیے پانی، طبی امداد اور دیگر سہولیات فراہم کیں۔