وزیر اعلیٰ بلوچستان کا وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا سے ٹیلی فونک رابطہ

بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ، سیلاب و دیگر قدرتی آفات کے باعث انسانی جانوں کے ضیاع پر اظہارافسوس

جمعہ 15 اگست 2025 21:20

کوئٹہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 15 اگست2025ء)وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی نے جمعہ کے روز وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور حالیہ بارشوں، لینڈ سلائیڈنگ، سیلاب اور دیگر قدرتی آفات کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا اس موقع پر انہوں نے ہیلی کاپٹر حادثے پر بھی رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جاں بحق ہونے والے تمام افراد کی قربانی اور خدمات کو ہمیشہ یاد رکھا جائے گا وزیر اعلیٰ بلوچستان نے کہا کہ قدرتی آفات انسان کے اختیار سے باہر ہیں، مگر ان کے اثرات ہر دل کو مغموم کر دیتے ہیں انہوں نے کہا کہ بلوچستان حکومت اور عوام اس مشکل وقت میں خیبر پختونخوا کے عوام کے ساتھ کھڑے ہیں اور متاثرہ خاندانوں کے دکھ میں برابر کے شریک ہیں انہوں نے کہا کہ سانحات اور آفات کا مقابلہ ہمت، حوصلے، بہتر حکمت عملی، یکجہتی اور بھائی چارے سے کیا جا سکتا ہے اور اس وقت قومی اتحاد ہی سب سے بڑی ضرورت ہے وزیر اعلیٰ بلوچستان نے متاثرہ خاندانوں کے صبر و حوصلے کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے دعا کی کہ اللہ تعالیٰ جاں بحق افراد کے درجات بلند فرمائے ان کے لواحقین کو صبرِ جمیل عطا کرے اور زخمیوں کو جلد صحت یابی عطا فرمائے وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا علی امین گنڈا پور نیاظہارِ یکجہتی نیک خواہشات پر وزیر اعلیٰ بلوچستان میر سرفراز بگٹی کا شکریہ ادا کیا۔