سرکاری اداروں میں احتساب، شفافیت اور ذمہ داری کی پاسداری لازمی ہے ،گورنر بلوچستان

جمعہ 15 اگست 2025 22:00

کوئٹہ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 15 اگست2025ء) گورنربلوچستان جعفرخان مندوخیل نے کہا کہ محتسب آفس کے ذریعے عوامی شکایات اور دیگر سائلوں کی درخواستوں پر فوری انصاف فراہم کرنے کیلئے روبرو پیش ہونے کاموقع فراہم کرتے ہیں۔ دونوں فریقین کو ترتیب وار سننے اور مکمل انکوائری کے بعد، ہم موقع پر ہی فیصلے جاری کرتے ہیں اور متعلقہ محکموں کو فوری طور پر عمل کرنے کی ہدایت کرتے ہیں۔

ہم غریبوں کیلئے انصاف کے حصول تک یہ براہ راست رسائی دینے پر یقین رکھتے ہیں۔سرکاری اداروں اور محکموں میں شفافیت، احتساب، کوالٹی گورننس کو یقینی بنانے سے مختلف قسم کی بدانتظامی اور بدعنوانی میں نمایاں کمی لائی جا سکتی ہے جس کے نتیجے میں مجموعی طور پر عوام کے اعتماد میں اضافہ ہوگا۔

(جاری ہے)

واضح رہے کہ گورنر بلوچستان جعفرخان مندوخیل ہر جمعہ کے روز بذات خود ہر سماعت کی صدارت کرتے ہیں، شکایت کنندگان اور سائلوں کو پوری توجہ سے سنتے ہیں، متعلقہ محکمے کے ذمہ دار افسران کو وضاحت فراہم کرنے اور منصفانہ فیصلوں کی سہولت فراہم کرنے کیلئے بعدازاں حکم جاری کرتے ہیں۔

گورنر مندوخیل نے کہا کہ تمام سرکاری اداروں میں احتساب، شفافیت اور ذمہ داری کی پاسداری لازمی ہے جس کیلئے مضبوط چیک اینڈ بیلنس میکنزم کا ہونا آولین شرط ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ حقیقت ہے کہ محتسب کا ادارہ معاشرے کے غریب ترین افراد کو سستا انصاف فراہم کرنے کا اہم ترین ذریعہ ہے۔موجودہ دور میں جدید ٹیکنالوجی کی اہمیت اور افادیت سے انکار ممکن نہیں ہے لہٰذا اداروں اور محکموں کو کمپیوٹرائز کیے بغیر اچھی طرز حکمرانی کے خواب کو شرمندہ تعبیر نہیں کیا جاسکتا۔ ایک شفاف اور مربوط نظام کو یقینی بنانے کیلئے سرکاری آفیسرز اور ملازمین کے استعداد کار کو مسلسل بڑھانا بھی اشد ضروری ہے۔