فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پاک فوج کو سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ہدایات

کور آف انجینئرز کو پلوں کی مرمت کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت، پاک فوج نے ایک دن کی تنخواہ اور راشن خیبر پختونخواہ کے سیلاب سے متاثرہ عوام کی بحالی کے لئے وقف کر دیا

muhammad ali محمد علی ہفتہ 16 اگست 2025 00:00

فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پاک فوج کو سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ہدایات
راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اگست 2025ء) فیلڈ مارشل عاصم منیر کی پاک فوج کو سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ہدایات، کور آف انجینئرز کو پلوں کی مرمت کا کام جلد مکمل کرنے کی ہدایت، پاک فوج نے ایک دن کی تنخواہ اور راشن خیبر پختونخواہ کے سیلاب سے متاثرہ عوام کی بحالی کے لئے وقف کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق خیبرپختونخواہ کے مختلف اضلاع میں جمعہ کے روز ہونے والے سیلابی تباہی کے بعد فیلڈ مارشل عاصم منیر کی جانب سے خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے صوبے میں سیلاب سے متاثرہ عوام کی بحالی سے متعلق خصوصی ہدایات جاری کر دیں۔ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی ہدایات کے مطابق خیبرپختونخواہ میں تعینات فوج سیلاب سے متاثرہ عوام کی بحالی میں بھرپور مدد کرے گی، اس سلسلے میں اضافی فوجی دستے بھی بھیجے جا رہے ہیں۔

(جاری ہے)

پاک فوج کی کور آف انجینئرز کو خصوصی ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پلوں کی مرمت کا کام جلد مکمل کیا جائے، جہاں ضروری ہے عارضی پل قائم کیے جائیں۔

آرمی کے 9 یونٹ کے ریسکیو سنیفنگ ڈاگ یونٹ کو بھی سرچ اینڈ ریسکیو کے لئے بھیجا جا رہا ہے، متاثرہ علاقوں میں آرمی کی خصوصی اربن سرچ اینڈ ریسکیو ٹیم بھی تعینات کر دی گئی ہے۔ پاک فوج کے ہیلی کاپٹر اور آرمی ایوی ایشن کو پہلے سے ہی خیبر پختونخواہ کے سیلاب سے متاثرہ عوام کی بحالی کے لئے تعینات کر دیا گیا ہے۔ دوسری جانب خیبرپختونخواہ کے سیلاب سے متاثرہ شہریوں کی مدد کیلئے پاک فوج نے ایک دن کی تنخواہ وقف کر دی ہے۔ پاک فوج نے اپنا ایک دن کا راشن بھی سیلاب سے متاثرہ علاقوں کے افراد کیلئے مختص کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ پاک فوج کی جانب سے عطیہ کردہ راشن تقریباً 600 ٹن سے زیادہ بنتا ہے۔