وزیراعلی پنجاب کا وزیراعلی خیبرپختونخوا کو ٹیلی فون، سیلاب میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر اظہار افسوس کیا

مشکل کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت کے تمام وسائل خیبرپختونخوا اور عوام کے ڈسپوزل پر ہیں، وزیراعلی مریم نواز شریف کی گفتگو ، وزیراعلی علی امین گنڈا پور نے مدد کی یقین دہانی پر بھی شکریہ ادا کیا

Sanaullah Nagra ثنااللہ ناگرہ جمعہ 15 اگست 2025 23:46

وزیراعلی پنجاب کا وزیراعلی خیبرپختونخوا کو ٹیلی فون، سیلاب میں قیمتی ..
لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین۔ 15 اگست 2025ء) وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سے ٹیلی فونک رابطہ کیا ۔وزیراعلی پنجاب مریم نواز شریف نے خیبرپختونخوا میں قیمتی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیااور متاثرہ خاندانوں سے اظہار ہمدردی کی ۔وزیراعلی مریم نواز شریف نے ریسکیو ہیلی کاپٹر کے حادثے میں شہادتوں پر تعزیت بھی کی ۔

وزیراعلی مریم نواز شریف نے گفتگو میں کہا کہ مشکل کی اس گھڑی میں پنجاب حکومت کے تمام وسائل خیبرپختونخوا حکومت اور عوام کے ڈسپوزل پر ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اہل پنجاب اپنے خیبرپختونخوا کے بھائیوں اور بہنوں کے غم میں شریک ہیں۔ وزیراعلی مریم نواز شریف نے پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد نواز شریف کی طرف سے بھی شہادتوں پر تعزیت کی۔

(جاری ہے)

وزیراعلی خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور نے وزیراعلی پنجاب کا فون کرنے اور تعزیت پر شکریہ ادا کیا۔

وزیراعلی علی امین گنڈا پور نے وزیراعلی پنجاب کی طرف سے خیبرپختونخوا کے عوام کی بھرپور مدد کی یقین دہانی پر بھی شکریہ ادا کیا۔
دوسری جانب نیوز ایجنسی کے مطابق خیبر پختونخوا کے ضلع بونیر میں سیلاب نے تباہی مچا دی، پیربابا اور چغرزئی کے علاقے میں طوفانی بارشوں کے بعد سیلابی ریلوں میں کئی گاؤں بہہ گئے ، مختلف حادثات میں جاں بحق افراد کی تعداد 157 ہوگئی۔

ریسکیو 1122 نے بتایا کہ بونیر میں ایک ہی گھر کے 20 افراد مکان کے ملبے تلے دب کر جاں بحق ہوئے۔کلاوڈ برسٹ کے بعد سیلاب کئی گاؤں بہا لے گیا، مکینوں کے آشیانے گرگئے، سیلابی ریلوں میں جانور اور گاڑیاں بھی بہہ گئیں جبکہ بونیر میں ہنگامی حالت نافذ کردی گئی۔ ڈپٹی کمشنر بونیر کے مطابق ہیلی کاپٹر کی مدد سے ملبے تلے پھنسے افراد کو نکالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ڈپٹی کمشنر بونیر نے بتایاکہ سیلابی صورتحال کے باعث کئی افراد لاپتا ہوگئے ہیں جن کی تلاش جاری ہے، پہاڑوں سے آنے والے سیلابی ریلوں نے تباہی مچائی ہے۔