پاکستان اور تاجکستان کے تعلقات نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں،سردار یاسر الیاس خان

پاکستان وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ اپنے تاریخی و ثقافتی رشتوں کو مضبوط کرنے پر عزم ہے،وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت

ہفتہ 16 اگست 2025 18:22

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء)وزیراعظم کے کوآرڈینیٹر برائے سیاحت سردار یاسر الیاس خان نے کہا ہے کہ پاکستان اور تاجکستان کے تعلقات ایک نئے دور میں داخل ہو رہے ہیں۔ پاکستان کی ٹیکسٹائل، فوڈ پراسیسنگ، زرعی اور صنعتی مصنوعات اپنی اعلی کوالٹی کی بدولت تاجک مارکیٹ میں کامیابی کے بے پناہ امکانات رکھتی ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان وسطی ایشیائی ریاستوں کے ساتھ اپنے تاریخی و ثقافتی رشتوں کو مضبوط معاشی تعلقات میں بدلنے کے لیے پرعزم ہے جبکہ تاجکستان نہ صرف ایک قریبی دوست ہے بلکہ خطے میں اسٹریٹیجک پارٹنر کی حیثیت رکھتا ہے، گزشتہ روز اسلام آباد میں تاجکستان کے اعلی سطحی سرکاری وفد کے اعزاز میں سردار یاسر الیاس خان نے پرتکلف عشائیہ دیا، جس میں تاجک وفد کی قیادت میجر جنرل نذیرزودا ساوزالی، ہیڈ آف ایجنسی فار پروویژن آف اسپیشل پراپرٹی، کر رہے تھے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر تاجکستان کے ناظم الامور سعیدجان شفی زودا، دفاعی اتاشی اور فوجی فوڈز کی ایگزیکٹو مینجمنٹ سمیت اہم شخصیات شریک ہوئیں، ملاقات میں دوطرفہ تجارت بڑھانے، سیاحتی روابط کو فروغ دینے اور پاکستانی مصنوعات کی برآمدات کے نئے مواقع پر تفصیلی بات چیت ہوئی۔ تاجک وفد نے سردار یاسر الیاس خان کو اکتوبر میں ہونے والے بین الاقوامی ٹورزم ایکسپو میں بطور مہمانِ خصوصی مدعو کیا، تاکہ وہ پاکستان کی نمائندگی کرتے ہوئے سیاحت کے شعبے میں اپنی مہارت اور تجربہ دنیا کے سامنے پیش کریں۔