Live Updates

آزاد کشمیر، وادی نیلم میں بادل پھٹنے سے سیلاب، گلگت بلتستان میں بارشوں کے بعد تباہی

گلگت بلتستان کی وادی نلتر میں سیلاب نے تباہی مچادی، نلتر ایکسپریس وے کا بڑا حصہ پانی میں بہہ گیا، زمینی رابطہ منقطع ہونے سے بڑی تعداد میں سیاح نلتر میں پھنس گئے

ہفتہ 16 اگست 2025 18:22

وادی نیلم (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء)آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں بادل پھٹنے سے سیلابی صورتحال پیدا ہوگئی، جس کے باعث بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی ہے، گلگت بلتستان میں بھی سیلاب سے تباہی کی اطلاعات ملی ہیں۔میڈیا رپورٹ کے مطابق آزاد کشمیر کی وادی نیلم میں شدید بارش سے نالہ جاگراں میں بادل پھٹنے سے سیلاب کی صورت حال پیدا ہوگئی ، جس کے نتیجے میں جاگراں میں 3 پل، 2 گیسٹ ہاؤس سیلاب کی نذر ہوچکے ہیں۔

وادی نیلم کے علاقے جاگراں میں کئی کلومیٹر سڑک بھی تباہ ہوگئی ہے، رتی گلی نالے میں سیلاب سے ایک کلومیٹر کی سڑک تباہ ہوئی، 500 سے زائد سیاح رتی گلی بیس کیمپ میں پھنس گئے۔پاک فوج کے جوانوں، پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے ریسکیو آپریشن کرکے سیاحوں کو نکالا اور پھنسے ہوئے افراد کو ریسکیو کرکے شاہراہ نیلم دواریاں بیس کیمپ پہنچادیا۔

(جاری ہے)

گلگت بلتستان کی وادی نلتر میں سیلاب نے تباہی مچادی، نلتر ایکسپریس وے کا بڑا حصہ پانی میں بہہ گیا، زمینی رابطہ منقطع ہونے سے بڑی تعداد میں سیاح نلتر میں پھنس گئے۔

ترجمان گلگت بلتستان حکومت فیض اللہ فراق کے مطابق سیلاب کے نتیجے میں نلتر میں واقع 3 بجلی گھروں کو بند کردیا گیا، بجلی گھر بند کرنے کے نتیجے میں شہر میں بجلی کی سپلائی پھر سے معطل ہوگئی۔ترجمان کے مطابق گووچ نالے میں بھی سیلابی ریلے کے باعث دریا ہنزہ نگر کا رخ گورو جگلوٹ کی طرف ہوگیا، جگلوٹ گورو میں دریا کا پانی نشیبی علاقوں کے متعدد گھروں اور ہوٹلوں میں داخل ہو گیا ۔فیض اللہ فراق نے بتایا کہ نلتر ایکپریس وے کی بحالی کے لیے حکومت نے متعلقہ اداروں کو ہدایت جاری کر دی ہے، تباہ شدہ علاقوں میں امدادی کارر وائیاں تیز کر دی گئی ہیں۔
Live مون سون بارشیں سے متعلق تازہ ترین معلومات