امام احمدرضا نے وقت کے باطل فتنوں کا قلع قمع کیا، پیر ارشدکاظمی

اعلیٰ حضرت نے دین و ملت کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو بے نقاب کیا، مفتی محمدجان نعیمی

ہفتہ 16 اگست 2025 18:42

کراچی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء) تحریک اہلِ سنت پاکستان کے مرکزی رہنما و چیئرمین رابطہ کمیٹی سندھ پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے کہاہے کہ اعلیٰ حضرت امام احمد رضا بریلوی برصغیر کی وہ عظیم روحانی اور علمی شخصیت ہیں جنہوں نے اپنے وقت کے گمراہ فرقوں، استعمار کے حواریوں اور دین دشمن قوتوں کے مقابلے میں اسلام کی حقیقی تعلیمات کا پرچم بلند کیا۔

وہ نہ صرف عشقِ رسول ﷺ کے ترجمان تھے بلکہ ناموسِ رسالت ﷺ اور عقیدہ ختم نبوت کے سب سے بڑے محافظ بھی تھے۔ آج کے پرفتن دور میں اگر امت مسلمہ امام احمد رضا کے افکار و تعلیمات کو اپنالے تو دنیا کی کوئی طاقت مسلمانوں کے اتحاد اور استقامت کو کمزور نہیں کرسکتی۔وہ جامع مسجد قبا ایچ ایریا اردو نگر ملیر میںانجمن فروغ افکار رضا ؒ کے زیراہتمام منعقدہ عظیم الشان امام احمد رضا کانفرنس 2025 سے خطاب کررہے تھے جس کی صدارت مفتی اعظم سندھ مفتی محمد جان نعیمی کررہے تھے۔

(جاری ہے)

مفتی اعظم سندھ مفتی محمد جان نعیمی نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ امام احمد رضا بریلوی نے دین و ملت کے خلاف ہونے والی ہر سازش کو بے نقاب کیا۔ انہوں نے امت کو عشقِ رسول ﷺ، اتحاد اور استقامت کی ایسی ڈور میں باندھا جس کی برکت سے آج بھی لاکھوں مسلمان ان کے علم و فکر سے استفادہ کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کو اس وقت اندرونی خلفشار اور بیرونی دباؤ کا سامنا ہے، ان حالات میں ہمیں امام احمد رضا کے نقش قدم پر چلتے ہوئے اتحاد امت کو فروغ دینا ہوگا۔

اس موقع پرانجمن فروغ افکار رضا کے چیئرمین ڈاکٹر شاہ محمد تبریزی القادری، جنرل سیکریٹری محمد ایان اشرفی، مختلف مکاتب فکر کے علماء و مشائخ اور بڑی تعداد میں عاشقانِ رسول ﷺ شریک ہوئے۔پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے کہا کہ امام احمد رضا نے قرآن و سنت کی روشنی میں اپنے فتاویٰ، تصانیف اور عملی کردار کے ذریعے امت مسلمہ کو ہمیشہ درست راستہ دکھایا۔

انہوں نے سائنسی علوم سے لے کر فقہی معاملات تک ہر میدان میں اسلام کی بالادستی کو ثابت کیا اور بتایا کہ جدید علوم و ایجادات دین اسلام کے مخالف نہیں بلکہ موافق ہیں، بشرطیکہ انہیں اللہ اور اس کے رسول ﷺ کی اطاعت کے دائرے میں استعمال کیا جائے۔ انہوں نے کہا کہ نوجوان نسل کو مغربی تہذیب اور فتنہ ارتداد سے بچانے کے لیے امام احمد رضا کی فکر کو عام کرنا لازمی ہے کیونکہ ان کی فکر ہی پاکستان اور امت مسلمہ کے استحکام کی ضمانت ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ پاکستان کا قیام بھی امام احمد رضا کے خوابوں اور دعائوں کی تکمیل ہے۔ آج اگر ہم ان کے پیغام کو اپنائیں تو نہ صرف پاکستان اندرونی و بیرونی سازشوں سے محفوظ ہوگا بلکہ عالم اسلام میں قیادت کا فریضہ بھی انجام دے سکے گا۔ پیر ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے کہا کہ وطن عزیز پاکستان کی سالمیت اور افواج پاکستان کی قربانیاں ہماری تاریخ کا روشن باب ہیں، امام احمد رضا کی تعلیمات ہمیں حب الوطنی اور دین اسلام کے ساتھ وفاداری کا سبق دیتی ہیں، اس لیے ہر پاکستانی کو ان کی فکر کے مطابق اپنی زندگی گزارنی ہوگی۔

کانفرنس سے انجمن فروغ افکار رضا کے چیئرمین ڈاکٹر شاہ محمد تبریزی القادری نے بھی خطاب کیا اور کہا کہ امام احمد رضا برصغیر کے سب سے بڑے فکری اور روحانی رہنما تھے۔ انہوں نے اپنے قلم کے ذریعے امت کو ہر فتنے سے محفوظ کیا اور اسلام کی حقانیت کو واضح کیا۔ آج پاکستان میں بڑھتے ہوئے معاشی مسائل، فرقہ واریت اور اخلاقی زوال کا حل صرف امام احمد رضا کی تعلیمات پر عمل میں پوشیدہ ہے۔

جنرل سیکریٹری محمد ایان اشرفی نے اپنے خطاب میں کہا کہ انجمن فروغ افکار رضا امام احمد رضا کے افکار کو عام کرنے کے مشن پر گامزن ہے۔ وہ صرف برصغیر ہی نہیں بلکہ عالم اسلام کے محسن تھے۔ ہمیں آج کی نوجوان نسل کو ان کی علمی خدمات اور عشقِ رسول ﷺ سے روشناس کرانا ہوگا تاکہ آنے والی نسلیں اپنی پہچان نہ کھو بیٹھیں۔دیگر مقررین نے بھی کہا کہ امام احمد رضا کی فکر ہی اتحاد امت، استحکام پاکستان اور دین اسلام کی سربلندی کی ضمانت ہے۔ کانفرنس کے اختتام پر پیر سید ارشد علی شاہ کاظمی القادری نے ملک و ملت کی سلامتی، افواج پاکستان کی کامیابی، امت مسلمہ کے اتحاد اور فلسطین و کشمیر کی آزادی کے لیے دعا کرائی۔