معرکہ حق اور بنیان مرصوص میں پاک افواج نے وہ تاریخی فتح رقم کی جسے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا، پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت پنجاب شازیہ رضوان

ہفتہ 16 اگست 2025 23:50

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) پارلیمانی سیکرٹری اطلاعات و ثقافت حکومت پنجاب شازیہ رضوان نے کہا ہے کہ معرکہ حق اور بنیان مرصوص میں ہماری پاک افواج نے اپنے سے سات گنا بڑے دشمن کی مسلط کردہ جنگ کے مقابلے میں وہ تاریخی فتح رقم کی جسے رہتی دنیا تک یاد رکھا جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نےگذشتہ روز بطور مہمان خصوصی پنجاب آرٹس کونسل راولپنڈی ڈویژن کے زیراہتمام تقریبات یوم آزدی پاکستان کی78ویں سالگرہ کے موقع پر منعقدہ گرینڈ میوزیکل نائٹ کے اختتام پر اپنے خطاب میں کیا۔

انہوں نے کہا کہ ہمیں اپنے ہیروز کے کارناموں کو یاد رکھنا چاہیے ، اس دفعہ ان ہیروز کو خراج تحسین پیش کرنے اور یوم آزادی کو شان و شوکت کے ساتھ منانے کے لیے پنجاب کے تمام بڑے شہروں میں خوبصورت پروگرام منعقد کیے گئے۔

(جاری ہے)

انہوں نے کہا کہ راولپنڈی ڈویژن کو دلہن کی طرح سجایا گیا، یہ پروگرام بھی اسی سلسلے کی کڑی ہے جس میں فنکاروں نے جذبہ حب الوطنی کے ساتھ خوبصورت پرفارمنس کا مظاہر ہ کیا۔

اس موقع پر ڈائریکٹر پنجاب آرٹس کونسل محمد شکور نے کہا کہ فنکار ثقافت کے سفیر ہوتے ہیں جو اپنے ملک کی ثقافت کو بہتریں انداز میں پیش کرتے ہیں، پاکستانی فنکاربھی اپنی ثقافت کو بہترین انداز میں پیش کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس پروگرام میں ملک کی معروف گلوکارہ بانو رحمت نے خوبصورت ملکی نغمے اور خوبصورت گیت اور سر بکھیرے ، اس کے علاوہ ارشد خان، رضوانہ خان، شہریار ناصر اور محمودہ کنول نے عمدہ گیت پیش کیے ۔