23 اگست اسلام آباد امن مارچ کے لیے پارٹی کارکنان کو فوری کانفرنسز منعقد کرنے کی ہدایت ، میاں افتخار حسین

ہفتہ 16 اگست 2025 23:54

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - آن لائن۔ 16 اگست2025ء) عوامی نیشنل پارٹی کے صوبائی صدر میاں افتخار حسین نے کہا ہے کہ خیبر پختونخوا خصوصاً ضم شدہ اضلاع دہشت گردی اور بدامنی کے شدید بحران سے دوچار ہیں۔ وزیرستان سے لے کر باجوڑ اور تورغر تک حالات انتہائی خراب ہیں، اور یہ بدامنی ہمارے وسائل اور معدنیات پر قبضے کی سازش کا حصہ ہے۔انھوں نے کہا کہ اس بدامنی کا حل نہ فوجی آپریشن ہے اور نہ ہی لاحاصل مذاکرات، بلکہ اس کے لیے بنیادی پالیسی میں تبدیلی ضروری ہے۔

اسی مقصد کے تحت تمام سیاسی و جمہوری قوتوں کے ساتھ ایک جرگہ منعقد کیا گیا تھا، جس کے نتیجے میں 23 اگست کو صبح 10 بجے صوابی انٹرچینج سے اسلام آباد کی جانب پرامن مارچ کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ میاں افتخار حسین نے کہا کہ اس تحریک کو کامیاب بنانے کے لیے ہم نے مختلف پارٹیوں کے مرکزی صدور، جیسے ایمل ولی خان، محسن داوڑ، مولانا فضل الرحمن اور دیگر قومی رہنماؤں سے رابطہ کیا ہے تاکہ یہ اہم مسئلہ ملک کی بڑی قیادت کے سامنے رکھا جا سکے۔

(جاری ہے)

صوبائی صدر نے پارٹی کارکنان کو ہدایت دی ہے کہ وہ فوری طور پر ہر ضلع میں پارٹی کانفرنسز منعقد کریں، ذمہ داریاں تفویض کریں اور اپنی ذمہ داریوں کو بخوبی ادا کریں۔ کارکنان کو عوام تک پہنچ کر گھر گھر پیغام پہنچانے اور ہر طبقہ فکر کو یکجا کرنے کا کہا گیا ہے تاکہ مارچ بھرپور انداز میں آگے بڑھے۔انہوں نے عوام، تاجروں، اساتذہ، وکلا، طلبہ اور ہر طبقہ فکر سے اپیل کی کہ وہ بڑی تعداد میں مارچ میں شرکت کریں، زیادہ سے زیادہ ٹرانسپورٹ اور دیگر انتظامات کریں اور اس جدوجہد کو کامیاب بنانے میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں۔میاں افتخار حسین نے واضح کیا کہ یہ مارچ مکمل طور پر پرامن ہے، لیکن ظلم اور دہشت گردی کے خلاف فیصلہ کن ثابت ہوگی