سوات میں سیلابی صورتحال ،ڈپٹی کمشنر کی زیر صدارت ہنگامی اجلاس

تحصیل کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں جو متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے نقصانات کا تخمینہ لگائیں

ہفتہ 16 اگست 2025 23:57

پشاور(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء)ڈپٹی کمشنر سوات سلیم جان مروت کی زیر صدارت سیلابی صورتحال کے بعد ریلیف اقدامات کا جائزہ لینے کے لئے ہنگامی اجلاس منعقد ہوا جس میں ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر سوات محمد عمر، تمام اسسٹنٹ کمشنرز بذریعہ ویڈیو لنک، تحصیل میونسپل آفیسرز و نمائندگان، محکمہ صحت، تعلیم، سوشل ویلفیئر اور دیگر لائن ڈیپارٹمنٹس کے سربراہان نے شرکت کی۔

اجلاس میں ڈپٹی کمشنر سوات نے شرکاء کو وزیر اعلیٰ خیبر پختونخوا اور چیف سیکرٹری خیبر پختونخوا کی جانب سے جاری کردہ ریلیف اقدامات سے متعلق ہدایات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ حالیہ قدرتی آفت کے نتیجے میں قیمتی انسانی جانوں کا ضیاع ہوا ہے، متعدد افراد زخمی ہوئے ہیں جبکہ مکانات، عمارتیں، رابطہ پل اور سڑکیں شدید طور پر متاثر ہوئی ہیں۔

(جاری ہے)

ڈپٹی کمشنر نے واضح کیا کہ متاثرہ افراد کو ریسکیو کرنے کا پہلا مرحلہ کامیابی سے مکمل ہو چکا ہے جبکہ لاپتہ افراد کی تلاش کے لئے آپریشنز بدستور جاری ہیں۔ڈپٹی کمشنر سوات نے اجلاس کے دوران مزید ہدایت جاری کرتے ہوئے کہا کہ تحصیل کی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی جائیں جو متاثرہ علاقوں کا دورہ کر کے نقصانات کا تخمینہ لگائیں اور اپنی رپورٹ جلد از جلد جمع کرائیں۔

اسسٹنٹ کمشنرز اپنے دفاتر میں ڈیسک قائم کریں گے جہاں جمع شدہ ڈیٹا کی تصدیق اور جانچ پڑتال کی جائے گی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ جہاں پانی کھڑا ہے وہاں فوری طور پر پمپس نصب کر کے نکاسی کا بندوبست کیا جائے اور تمام مرکزی اور رابطہ سڑکوں کو آمدورفت کے قابل رکھا جائے۔اجلاس میں تمام محکموں کے سربراہان کو ہدایت دی گئی کہ وہ اپنے اداروں کی سرکاری تنصیبات، جن میں سکول، ہسپتال، صحت مراکز اور تھانے شامل ہیں، کے نقصانات کی رپورٹ فراہم کریں۔

محکمہ واپڈا کو بجلی کی بحالی کے لئے خصوصی ہدایات جاری کی گئیں جس پر واپڈاکے نمائندے نے بتایا کہ بیشتر علاقوں میں بجلی بحال ہو چکی ہے جبکہ باقی علاقوں میں بحالی کا کام تیزی سے جاری ہے اور ٹیمیں مسلسل فیلڈ میں موجود ہیں۔ اسی طرح واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنی کے جنرل منیجر نے صفائی اور ملبہ ہٹانے کی جاری سرگرمیوں سے متعلق بریفنگ دی۔

ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر اور میڈیکل سپرنٹنڈنٹ سیدو شریف ہسپتال کو بھی ہدایت کی گئی کہ وہ ہسپتالوں اور صحت مراکز میں ڈاکٹروں، پیرامیڈیکل اسٹاف اور ادویات کی بلا تعطل فراہمی یقینی بنائیں۔ ڈپٹی کمشنر سوات نے آخر میں تمام افسران اور لائن ڈیپارٹمنٹس کو ہدایت کی کہ وہ فیلڈ اور دفاتر میں موجود رہ کر عوام کو ہر ممکن ریلیف فراہم کریں اور تمام ضروری اقدامات میں کوئی غفلت نہ برتی جائے۔