کے پی کے میںجانی و مالی نقصان تصور سے زیادہ، امدادی سرگرمیوں میں مخیرحضرات و تنظیموں کو شامل کیا جائے، مہاجرقومی موومنٹ

سینکڑوں لوگوں کا جان سے جانا دل دہلادینے والا سانحہ سیلاب زدگان کی مدد اور بحالی کیلئے وفاقی و صوبائی حکومتیں تمام تر وسائل بروئے کار لائیں،نویدنارو

ہفتہ 16 اگست 2025 20:45

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء)مہاجر قومی موومنٹ (پاکستان)کے رہنما نوید نارو نے کے پی کے میں بارشوں اور سیلاب سے ہونے والے جانی و مالی نقصان پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بارشوں اور سیلاب سے دل دہلا دینے والی تباہی ہوئی ہے، سینکڑوں لوگوں کا جان سے جانا ایک ایسا سانحہ ہے کہ جس کا تصور بھی نہیں کیا جاسکتا۔

(جاری ہے)

نوید نارو نے کہا کہ امدادی سرگرمیوں میں وفاقی و صوبائی حکومتوں،فوج، پی ڈی ایم اے سمیت سب کی شرکت سے یہ تو ثابت ہوگیا کہ سیاسی اختلافات خواہ جتنے بھی گہرے ہوں، پاکستانی قوم کا دل ایک دوسرے کے ساتھ دھڑکتا ہے اور ملک کے کسی بھی حصے کے لوگوں کی مصیبت میں پوری قوم ساتھ کھڑی نظر آتی ہے،یہی اتفاق و یگانگت زندگی کے ہر شعبے میں پیدا ہوجائے تو ہمیں ترقی کرنے سے کوئی نہ روک پائے۔نوید نارو نے کہا کہ مصیبت میں گھری عوام کی مدد اور بحالی اس وقت ہر چیز پر فوقیت رکھتی ہے، وفاقی و صوبائی حکومتیں تمام تر وسائل بروئے کار لائیں اور اس عمل میں مخیر حضرات اور تنظیموں کو بھی شامل کیا جائے تاکہ جس قدر جلد ممکن ہو عوام کو مصیبت سے نکالا جاسکے۔