ضلعی انتظامیہ سوات کا سیلاب متاثرہ علاقوں کا دورہ، عوام کو ہر ممکن تعاون کی یقین دہانی

ہفتہ 16 اگست 2025 21:20

پشاور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر جنرل سوات محب اللہ خان یوسفزئی، ایڈیشنل اسسٹنٹ کمشنر بابوزئی سید عمران علی شاہ اور تحصیلدار بابوزئی نے حالیہ بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں کا تفصیلی دورہ کیا۔ وفد نے پریس کلب سوات، لنڈیکس، قمبر اور گردونواح کے متاثرہ مقامات کا دورہ کیا اور نقصانات کا جائزہ لینے کے ساتھ عوام سے ملاقاتیں کیں اور انہیں یقین دلایا کہ ضلعی انتظامیہ متاثرہ شہریوں کے ساتھ کھڑی ہے۔

(جاری ہے)

اس موقع پر انہوں نے بتایا کہ ضروری اشیائے خورد و نوش کی فراہمی مسلسل جاری ہے اور کسی بھی قسم کی قلت پیدا نہیں ہونے دی جائے گی۔ مزید برآں، تحصیل میونسپل ایڈمنسٹریشن بابوزئی اور واٹر اینڈ سینیٹیشن سروسز کمپنی کی مشینری کے ذریعے نکاسی آب اور ملبہ ہٹانے کا عمل تیز رفتاری سے جاری ہے تاکہ سڑکوں کی بحالی، آمدورفت اور معمولات زندگی جلد از جلد بحال ہو سکیں۔ ضلعی انتظامیہ سوات نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ افواہوں پر کان نہ دھریں اور کسی بھی شکایت یا ضرورت کی صورت میں فوری طور پر متعلقہ محکموں اور انتظامیہ سے رابطہ کریں۔

متعلقہ عنوان :