پولیس کالج سہالہ میں اے ایس آئی پروبیشنرز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ

ہفتہ 16 اگست 2025 21:30

راولپنڈی (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) پولیس کالج سہالہ میں اے ایس آئی پروبیشنرز کی پاسنگ آؤٹ پریڈ منعقد ہوئی جس کے مہمان خصوصی آئی جی گلگت بلتستان افضل محمود بٹ تھے۔ کورس میں گلگت بلتستان کے 48 جبکہ کشمیر کے 2 افسران نے بنیادی تربیت مکمل کی۔ مہمان خصوصی نے پریڈ کا معائنہ کیا اور تقریب سے خطاب میں کہا کہ پاسنگ آؤٹ پریڈ میں شرکت میرے لیے باعثِ فخر ہے۔

انہوں نے تربیت مکمل کرنے والے تمام افسران، ان کے والدین اور عزیز و اقارب کو مبارکباد پیش کی اور پولیس کالج سہالہ کی انتظامیہ کی کاوشوں کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ ٹرینی افسران نے جس محنت اور جذبے سے تربیت مکمل کی ہے اسی جذبے سے وہ اپنے پیشہ ورانہ فرائض خوش اسلوبی سے انجام دیں گے۔ انہوں نے آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور، ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ محمد طارق چوہان اور کمانڈنٹ کالج اشفاق احمد خان کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا۔

(جاری ہے)

کمانڈنٹ پولیس کالج اشفاق احمد خان نے بتایا کہ پولیس کالج سہالہ 1959 میں قائم ہوا اور اب تک ایک لاکھ سے زائد قانون نافذ کرنے والے اداروں کے اہلکار و افسران یہاں سے تربیت حاصل کر چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تربیت میں نظم و ضبط، کردار سازی، قانونی تعلیم، پولیسنگ، جسمانی تربیت، فیلڈ کرافٹ، وی وی آئی پی پروٹیکشن، اینٹی رائٹ ٹریننگ، ریسکیو آپریشنز، کمپیوٹر ٹیکنالوجی اور موبائل فرانزک جیسے ماڈیول شامل کیے گئے تاکہ افسران عملی زندگی میں بہترین کارکردگی دکھا سکیں۔

تقریب کے اختتام پر مہمان خصوصی نے نمایاں کارکردگی دکھانے والے افسران میں اعزازی شیلڈز اور سرٹیفیکیٹ تقسیم کیے۔ اس موقع پر ڈپٹی کمانڈنٹ عبدالرؤف بابر، ایس پی کورس کمانڈر شعیب عقیل سمیت دیگر افسران بھی موجود تھے۔