سینیٹر روبینہ خالد کا ایبٹ آباد دفتر کا دورہ،مستفید خواتین کواپنے حقوق بارے ہوشیار رہنے کی تلقین

ہفتہ 16 اگست 2025 22:05

اسلام آباد(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 16 اگست2025ء)بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی)کی چیئرپرسن سینیٹر روبینہ خالد نے ہفتہ کوبی آئی ایس پی کے ضلعی دفتر ایبٹ آباد کا دورہ کیا جہاں انہوں نے دفتر کی کارکردگی کا جائزہ لیا اور ملک بھر میں خواتین کو بااختیار بنانے میں پروگرام کے کردار کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا۔

دورے کے دوران انہوں نے ڈائنامک رجسٹری سینٹر کا معائنہ کیا جہاں رجسٹریشن کے عمل اور عملے کی کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔مستفید خواتین سے بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے انہیں اپنے حقوق کے بارے میں ہوشیار رہنے کی تلقین کی۔ انہوں نے کہا کہ ہمیشہ اپنی پوری ادائیگی کی تصدیق کریں اور کسی بھی غیر مجاز کٹوتی کی صورت میں فورا رپورٹ کریں"، اور مشورہ دیا کہ صرف سرکاری 8171پیغام موصول ہونے کے بعد ہی ادائیگی مراکز کا رخ کریں۔

(جاری ہے)

سینیٹر روبینہ خالد نے خواتین کو شہید بینظیر بھٹو کی میراث سے حوصلہ لینے کی تلقین کرتے ہوئے باوقار، پرعزم اور مثبت رویے اپنانے پر زور دیا۔ انہوں نے کہا کہ بچوں کی تعلیم میں سرمایہ کاری ہی روشن مستقبل کی ضمانت ہے۔شکایات کے ازالے کے دوران انہوں نے عملے کو ہدایت کی کہ وہ مستفید افراد کے مسائل فوری طور پر حل کریں اور یقین دہانی کرائی کہ جن معاملات کے لیے اعلیٰ سطح پر مداخلت درکار ہیانہیں پالیسی سطح پر اٹھایا جائے گا۔

انہوں نے مستحق خواتین کو دوبارہ تصدیق کے مرحلے میں پیچھے نہ رہنے دینے کے لیے آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی۔دفتر کی موجودہ جگہ کو درپیش مسائل کا نوٹس لیتے ہوئے چیئرپرسن نے بی آئی ایس پی ایبٹ آباد دفتر کو ایک زیادہ قابل رسائی مقام پر منتقل کرنے کا حکم دیا تاکہ مستفید خواتین کو سہولت دی جا سکے۔