وفاقی حکومت خیبرپختونخوا میں موسمیاتی آفات سے نمٹنے کے لیے مکمل تعاون فراہم کرے گی، اختیار ولی

ہفتہ 16 اگست 2025 22:50

اسلام آباد (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 16 اگست2025ء) وزیراعظم کے معاونِ خصوصی برائے خیبرپختونخوا امور اختیار ولی خان نے کہا ہے کہ حالیہ طوفانی بارشوں اور سیلاب سے متاثرہ خیبرپختونخوا کے عوام کو وفاقی حکومت، پاک فوج اور ریسکیو اداروں کی مکمل مدد حاصل ہے۔ہفتہ کو اپنے ایک بیان میں انہوں نے بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف نے واقعے کے فوراً بعد وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا علی امین گنڈا پور سے رابطہ کیا اور نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) کو ہدایت کی کہ خوراک، ادویات، خیمے اور دیگر امدادی سامان فوری طور پر فراہم کیا جائے۔

انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے بھی خیبرپختونخوا کو مکمل وسائل فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے، جن میں ہیلی کاپٹرز، موبائل اسپتال اور طبی امداد شامل ہیں۔

(جاری ہے)

اختیار ولی نے کہا کہ خیبرپختونخوا میں صورتحال اب بھی مشکل ہے، جہاں کئی خاندان پھنسے ہوئے ہیں اور بنیادی ڈھانچے کو شدید نقصان پہنچا ہے تاہم این ڈی ایم اے، پی ڈی ایم اے اور پاک فوج متاثرہ علاقوں میں امدادی کاموں میں مصروف ہیں۔

انہوں نے کہا کہ موسمیاتی تبدیلی اور جنگلات کی کٹائی نے قدرتی آفات کی شدت میں اضافہ کیا ہےجس سے نمٹنے کے لیے وفاق اور صوبوں کو مشترکہ کوششیں کرنا ہوں گی۔انہوں نے کہا کہ یہ سیاست کا وقت نہیں، وفاقی حکومت خیبرپختونخوا کے عوام کے شانہ بشانہ کھڑی ہے اور انہیں بھرپور تعاون فراہم کیا جائے گا۔