آکلینڈ میں پاکستان کے یوم آزادی کی شاندار تقریب،نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کرسٹوفر لکسن کی شرکت

اتوار 17 اگست 2025 01:20

آکلینڈ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) نیوزی لینڈ کے وزیراعظم کرسٹوفر لکسن نے ہفتہ کو آکلینڈ میں پاکستان کے یوم آزادی کی شاندار تقریب میں شرکت کی۔تقریب میں وزیر برائے ایتھنک کمیونٹیز مارک مچل بھی موجود تھے۔ قائد حزب اختلاف اور سابق وزیراعظم کرس ہپکنز، نیوزی لینڈ میں پاکستان کے ہائی کمشنر فیصل عزیز احمد اور کئی اراکین پارلیمنٹ بھی اس موقع پرموجود تھے۔

کیوی پاکستانیوں کے تقریباً 1000 پر مشتمل اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم لکسن نے پاکستان کو اس کی 78ویں یوم آزادی پر مبارکباد دی۔پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان دیرینہ گرمجوشی اور دوستانہ تعلقات کو اجاگر کرتے ہوئے انہوں نے نیوزی لینڈ کی ترقی میں کیوی پاکستانی کمیونٹی کے کردار کو سراہا۔

(جاری ہے)

قائد حزب اختلاف اور سابق وزیراعظم کرس ہپکنز نے اپنے خطاب میں کیوی پاکستانی کمیونٹی کے معاشرے میں کردار اور پاکستان نیوزی لینڈ تعلقات کی مضبوطی کو بھی سراہا۔

قبل ازیں نیوزی لینڈ کی قیادت کی موجودگی میں نیوزی لینڈ میں پاکستان کے ہائی کمشنر ڈاکٹر فیصل عزیز نے پرچم کشائی کی علامتی تقریب کی اور وزیراعظم اور دیگر معززین کو پاکستان کی بنی ہوئی شالیں تحفے میں دیں۔پاکستان ایسوسی ایشن آف نیوزی لینڈ (پی اے این زیڈ) کے صدر ڈاکٹر آصف خان نے اپنے خطاب میں ملک کی سب سے بڑی پاکستانی کمیونٹی تنظیم کی اہم سرگرمیوں اور اس کے منصوبوں کا ذکر کیا۔

ڈاکٹر آصف خان نے دونوں حکومتوں پر زور دیا کہ وہ دونوں ممالک اور عوام کے باہمی فائدے کے لیے سٹریٹجک شراکت داری کے لیے کام کریں۔ پرچم کشائی کے علاوہ، تقریب میں شاعری، ثقافتی پرفارمنس، ویڈیو اسکریننگ، اور قومی اور حب الوطنی کے گیت پیش کیے گئے۔پاکستان کے یوم آزادی کے موقع پر منعقدہ تقریب میں نیوزی لینڈ کے وزیر اعظم کی شرکت کو پاکستان کے لیے جذبہ خیر سگالی کے طور پر سراہا گیا۔

اس تقریب کی میزبانی پاکستان ایسوسی ایشن آف نیوزی لینڈ (پی اے این زیڈ) نے پاکستان ہائی کمیشن، نیوزی لینڈ کی وزارت برائے نسلی برادری اور آکلینڈ میں مقیم متعدد پاکستانی کاروباری اداروں کے تعاون سے کی تھی۔ یہ پاکستان کے یوم آزادی کی تقریبات کے موقع پر نیوزی لینڈ کے مختلف شہروں میں منعقد ہونے والی ہائی پروفائل تقریبات کے سلسلے کا حصہ تھا۔