سیاسی بحرانوں کے خاتمہ کیلئے سیاسی جمہوری جماعتوں کو پرامن سیاسی جدوجہد کرنا ہوگی،لیاقت بلوچ

جماعت اسلامی بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو کم کرانے اور عوام ، تنخواہ دار طبقہ، تجارت و صنعت پر عائد ناجائز ٹیکسوں کے خاتمہ کیلئے قومی جدوجہد جاری رکھے گی

اتوار 17 اگست 2025 11:25

مکوآنہ(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)جماعت اسلامی کے مرکزی نائب امیرلیاقت بلوچ نے کہا ہے کہ سیاسی بحرانوں کے خاتمہ کیلئے سیاسی جمہوری جماعتوں کو پرامن سیاسی جدوجہد کرنا ہوگی۔ سیاسی بحرانوں کا حل قومی سیاسی ڈائیلاگ کے ذریعے ہی ممکن ہے۔ آئندہ انتخابات سے پہلے تمام سیاسی جمہوری قوتوں کو آئین، آزاد عدلیہ اور صاف شفاف غیرجانبدارانہ انتخابات کے قومی ایجنڈا پر اتفاق کرنا ہوگا ہے ورنہ کوئی اور فارم 47 نئی شکل میں عوامی مینڈیٹ پر ڈاکہ زن ہوگا۔

جماعت اسلامی بجلی، گیس، پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کو کم کرانے اور عوام ، تنخواہ دار طبقہ، تجارت و صنعت پر عائد ناجائز ٹیکسوں کے خاتمہ کیلئے قومی جدوجہد جاری رکھے گی۔ حافظ نعیم الرحمن10اکتوبرکو فیصل آباد میں بنوقابل پروگرام کا آغازکریں گے۔

(جاری ہے)

ان خیالات کااظہارانہوںنے پیپلز کالونی میں ورکرز کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کنونشن سے ضلعی امیر محبوب الزماںبٹ،سابق صدربارمیاںانوارالحق،زونل امیرپی پی 113چوہدری سلیم گجر، پی پی 114 ڈاکٹر بشیرصدیقی، اجمل بدر، عبدالستار بیگانے بھی خطاب کیا۔

لیاقت بلوچ نے کہاکہ وفاق اور صوبوں کے درمیان کشمکش، اختلافات فیڈریشن کو کمزور کر رہے ہیں۔ پاکستان کے اسلامی نظریاتی کردار کو قیام پاکستان کے مقاصد سے انحراف کی بنیاد پر کمزور کیا جارہا ہے۔پاکستان میں قرآن و سنت، آئین اور دوقومی نظریہ ہی وحدت و یکجہتی کی زنجیر ہے۔حکومت اور سول ملٹری اسٹیبلشمنٹ کا مسلط کردہ ہائبرڈ نظام آئین سے بغاوت ہے۔

لیاقت بلوچ نے کہا کہ حکمرانوں اور بااختیار مقتدر اشرافیہ کی کرپشن، عیاشیاں، مفت خوری، بدانتظامی قومی معیشت کو مفلوج کرنے میں بدترین کردار ادا کررہی ہیں۔حکومت طوفانی بارشوں اور سیلابی ریلوں کے متاثرین کی امداد اور بحالی کا فرض ادا کرے۔بااختیار بلدیاتی نظام ہی گلی محلوں،دیہات اور شہروں میں مسائل کے حل کا محفوظ، کارآمد، پائیدار نظام ہے ۔

جماعت اسلامی کی عوامی کمیٹیاں عوام کے مسائل کروانے میںموثرکرداراداکریں گی۔ لیاقت بلوچ نے کہا کہ نوجوان ہی پاکستان کا مستقبل ہیں۔ جاگیر دارانہ، سرمایہ دارانہ، مفاد پرستی، وڈیرہ شاہی پر مشتمل استحصالی نظام نوجوانوں کو مایوس رکھنے کیلئے طرح طرح کی سازشیں کرتا ہے، نوجون اِن سازشوں کے مقابلے میں مایوس اور سرنگوں نہ ہوں بلکہ ہمت، جرات، استقامت، بلند کردار اور فنی مہارتوں سے اپنے خلاف ہر سازش کو ناکام بنادیں ۔

پاکستان کی یوتھ میں بے پناہ خداداد صلاحیتیں ہیں۔ جماعت اسلامی نوجوانوں کے مستقبل کے تحفظ کیلئے ہر محاذ پر جدوجہد کررہی ہے۔ امیر جماعت اسلامی حافظ نعیم الرحمن نوجوانوں کے لیے امید اور محفوظ مستقبل کی روشن علامت ہیں،جماعت اسلامی بنوقابل کے ذریعے ایک لاکھ سے زائد نوجوانوں کو آئی ٹی کی مفت تربیت دے کرانہیں پائوںپر کھڑا ہونے میں مدددے گی۔