معروف ہدایتکار ایس ایم یوسف کی 31 ویں برسی منائی گئی

اتوار 17 اگست 2025 15:10

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) نامورہدایت کار و فلمساز ایس ایم یوسف کی 31 ویں برسی 17اگست بروز اتوار کو منائی گئی ، انہیں اپنے مداحوں سے بچھڑے 31 برس بیت گئے۔ نامورہدایت کار ایس ایم یوسف 1910کو ممبئی (بھارت )میں پیدا ہوئے، تقسیم ہند کے کچھ سال بعد ایس ایم یوسف بھی پاکستان چلے آئے،ہدایت کار کی حیثیت سے ان کی پہلی فلم'' بھارت کا لعل'' تھی جو 1936 میں ریلیز ہوئی، انہوں نے ہندوستان میں مہندی، نیک پروین، آئینہ اور گرہستی جیسی ہٹ فلمیں بنائیں،ایس ایم یوسف نے پاکستان میں بھی بڑی اور معیاری فلمیں بنائیں، انہوں نے اپنی فلموں میں نہ صرف مشرقی اقدار کو اجاگر کیا بلکہ معاشرے میں عورت کے کردار کی اہمیت کو بھی واضح کیا، ان کی فلم ''آشیانہ'' اسی حقیقت کی غماز ہے۔

(جاری ہے)

انہوں نے خاندانی مسائل کے علاوہ دیگر موضوعات پر بھی فلمیں بنائیں جن میں گماشتہ، دولت، رنگیلا مزدور، کہاں ہے منزل تیری اور حیدر آباد کی نازنین شامل ہیں، پاکستان میں انہوں نے اپنی فلم'' مہندی'' کو دوبارہ سہیلی کے نام سے بنایا جو سپرہٹ رہی،سہیلی کے نغمات نے بھی ہر طرف دھوم مچا دی،1962 میں ایس ایم یوسف کی فلم'' اولاد'' ریلیز ہوئی اور یہ بھی عوام میں بے حد مقبول ہو ئی ، انہوں نے پاکستان میں 13 فلمیں بنائیں، ایس ایم یوسف کو متعدد نگار ایوارڈز سے نوازا گیا، آج بھی ان کا نام برصغیر کے 10 صفِ اول کے ہدایت کاروں میں شامل ہے۔ایس ایم یوسف17 اگست 1994 کو لاہور میں انتقال کر گئے۔