دریائے سندھ پر درمیانے درجے کے سیلاب میں بتدریج اضافہ ، ہائی فلڈ وارننگ جاری ایمرجنسی نافذ

اتوار 17 اگست 2025 17:30

مظفرگڑھ (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) دریائے سندھ پر درمیانے درجے کے سیلاب میں بتدریج اضافہ ہونے پر ضلع انتظامیہ نے ہائی فلڈ وارننگ جاری کرتے ہوئے ایمرجنسی نافذ کر دی،اونچے درجے کے سیلاب سے نمٹنے کےلئے ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو سید منور عباس بخاری نے دریائی بیلٹ میں موجود آبادیوں کے انخلاء کا حکم دے دیا، دریائے سندھ سے ملحقہ پانڈ ایریا کو بھی فوری طور پر خالی کروانے کیلئے ضلعی انتظامیہ نے اعلانات شروع کر دیئے ہیں،ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو سید منور عباس بخاری کے مطابق اگلے 48 گھنٹوں میں ساڑھے چھ لاکھ کیوسک کا سیلابی ریلا دریائے سندھ سے گزرنے کا امکان ہے، محکمہ ایریگیشن محکمہ پولیس محکمہ ریسکیو 1122 الرٹ دائرہ دین پناہ میں ریسکیو کیمپ قائم کردیا گیا،ضلعی انتظامیہ کی طرف سے کیمپ میں جانوروں اور سانپ کے کاٹنے کی ویکسین کو مہیا کرتے ہوئے تمام امدادی سامان کو یقینی بنانے کی ہدایت جاری کر دی گئی،ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو نے اگلے سات دنوں تک دریائے سندھ کو تفریح کےلئے بند کر دیا اور نہروں ندی نالوں میں نہانے پر سخت پابندی عائد کر دی ہے،ڈپٹی کمشنر نے کہا ہے کہ دریائے سندھ کے انفراسٹرکچر کی پختگی کی نگرانی کرنے کےلئے محکمہ ایریگیشن کے آفیسر دن رات پیٹرولنگ کریں گے، ڈپٹی کمشنر کوٹ ادو کی ہدائت کے مطابق ٹیلی کمیونیکیشن کے ذریعے آگاہی مہم کا آغاز کر دیا گیا ہے متاثرہ علاقوں میں ایس ایم ایس کے ذریعے پی ڈی ایم اے اور ضلعی انتظامیہ آگاہ کرے گی، ڈپٹی کمشنر کا کہنا ہے کہ میڈم چیف منسٹر کی ہدایت کے مطابق تمام تر صلاحیتیں بروئے کار لائی جائیں گی سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد کےلئے ریلیف کیمپ قائم کیا گیا ہے، ضلعی انتظامیہ کے تحت ایل ایم بی پر محکمہ لائیو اسٹاک ، ریسکیو 1122 اور ریوینیو کے ریلیف کیمپ قائم کیے گئے ہیں، سیلابی صورتحال کا جائزہ لینے کےلئے تمام ضلعی اداروں کے سربراہان کی میٹنگ ہیڈ تونسہ بیراج پر منعقد کی جا رہی ہے۔

متعلقہ عنوان :