سید زین شاہ اور خواجہ نوید امین ایڈوکیٹ کاخاور حسین کی پرسرار موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار

واقعے کی غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کی جائیں، موت کی اصل وجوہات اور پسِ پردہ عوامل کو بے نقاب کیا جائے،سندھ بچائو تحریک

اتوار 17 اگست 2025 18:20

کراچی(اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - این این آئی۔ 17 اگست2025ء)سندھ یونائیٹڈ پارٹی کے صدر اور کنوینر دریائے سندھ بچائو تحریک سید زین شاہ اور پارٹی سیکریٹری اطلاعات خواجہ نوید امین ایڈوکیٹ نے ڈان نیوز کے سینئر رپورٹر اور کراچی پریس کلب کے رکن خاور حسین کی پرسرار موت پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

(جاری ہے)

اپنے جاری تعزیتی بیان میں انہوں نے کہا کہ خاور حسین کا سانگھڑ سے اپنی گاڑی میں لاش کی صورت میں ملنا ایک نہایت افسوس ناک اور دلخراش واقعہ ہے، جس نے صحافتی برادری کو صدمے سے دوچار کر دیا ہے۔

خاور حسین کی پرسرار موت نے کئی سوالات کو جنم دیا ہی. خاور حسین کی وفات صحافی برادری کے لیے ناقابلِ تلافی نقصان ہے۔ انہوں نے کہا کہ سندھ یونائیٹڈ پارٹی اس غم کی گھڑی میں خاور حسین کے اہلِ خانہ کے ساتھ برابر کی شریک ہے۔ سید زین شاہ نے مطالبہ کیا کہ اس واقعے کی غیر جانبدار اور شفاف تحقیقات کی جائیں، موت کی اصل وجوہات اور پسِ پردہ عوامل کو بے نقاب کیا جائے اور اس میں ملوث ذمہ داروں کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائی.