ٹرین آپریشن میں سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا ، وفاقی وزیر ریلوے کا غفلت برتنے والے افسران کے خلاف اعلانِ جنگ

اتوار 17 اگست 2025 20:40

لاہور (اُردو پوائنٹ اخبارتازہ ترین - اے پی پی۔ 17 اگست2025ء) وفاقی وزیر ریلوے محمد حنیف عباسی نے کہا ہے کہ ٹرین آپریشن میں سیفٹی پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، غفلت کے مرتکب افسران کے خلاف میرا کھلا اعلانِ جنگ ہے۔ اتوار کو ریلوے ہیڈکوارٹرز لاہور میں ہنگامی اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے محمد حنیف عباسی نے حالیہ ٹرین ڈیریلمنٹس کے واقعات پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نااہل اور ایئرکنڈیشنڈ کمروں تک محدود افسران کو ریلوے میں رہنے کا کوئی حق نہیں۔

انہوں نے واضح وارننگ دی کہ افسران سیفٹی معاملات کو بہتر بنائیں ورنہ ریٹائرمنٹ لے لیں۔وزیر ریلوے نے ہدایت کی کہ سسٹم سے فوری طور پر ڈمی کوچز نکالے جائیں، چاہے اس کے لیے کوئی ٹرین بند ہی کیوں نہ کرنا پڑے۔ ٹریک کی مسلسل ٹرالی انسپکشن یقینی بنائی جائے تاکہ آپریشن کو محفوظ بنایا جا سکے۔

(جاری ہے)

انہوں نے ویجیلنس کے شعبے کو تمام ضروری سہولیات فراہم کرنے، ٹرین ڈرائیورز کے لیے ریفریشر کورسز کرانے اور لیگج و بریک وین کے معاہدوں میں توسیع کے بجائے شفافیت کے ساتھ اوپن آکشن کرنے کی بھی ہدایت کی۔

محمد حنیف عباسی نے کہا کہ ٹرین ڈرائیورز کے ہاتھ میں 1100 مسافروں کی جانیں ہوتی ہیں، اس لیے ذمہ داری اور احتیاط کے اعلی ترین معیار کو یقینی بنانا لازمی ہے۔اجلاس میں وزیر ریلوے کو ٹرین آپریشن کے سیفٹی اقدامات پر تفصیلی بریفنگ دی گئی۔